آج ملک بھر میں سینکڑوں خاندان اپنے لاپتہ بچوں کی بازیابی کیلئے احتجاج کر رہے ہیں،ثناء بلوچ
کراچی(انتخاب نیوز)بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما ثنا بلوچ نے کہا کہ پی ڈی ایم نے ملک کو سیاسی نظم و ضبط دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 74 برسوں میں پاکستان کو غربت و افلاس سے آزادی نصیب نہیں ہوئی ہے۔ ہم بحیثیت ملک تو آزاد ہوئے لیکن بحیثیت شہری آج تک آزادی کے منتظر ہیں۔ اس پاکستان کو تین آئین ملے۔ لیکن صوبوں کو خود مختاری اور عوام کو حقوق نہیں ملے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک بھر میں سیکڑوں خاندان اپنے لاپتہ بچوں کی بازیابی کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔ اقتدار اعلی آئین کے تحت عوام کو منتقل ہوتا تو آج ملک خوش حال ہوتا۔ بلوچستان سے خیبرپختونخوا کے قبائلی علاقوں تک انسانی قدر اور آئین میں دیئے گئے بنیادی انسانی حقوق کی ضمانت نہیں ہے۔ انہوں نے بانی پاکستان محمد علی جناح کے مزار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جس مملکت کی بنیاد آپ نے رکھی تھی، وہاں کی عوام آج بجلی، پانی، تعلیم، صحت اور بنیادی حقوق کے لیے بھٹک رہی ہے۔


