بلوچستان میں پہلے کینسر ہسپتال کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے، لیاقت شاہوانی
کوئٹہ یکم ستمبر:ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے بھر میں صحت عامہ کی بہتر اور معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے تاکہ عوام کو اپنی دہلیز پر صحت کی بہتر سہولیات بہم پہنچ سکیں انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس ضمن میں حکومت اہم اقدامات اٹھائے ہیں جن میں صحت کارڈ کا اجراء بھی ہے جس کا اجراء جلد کیا جا رہا ہے جس سے عوام کو صحت کی جدید سہولیات میسر آئیں گی انہوں نے کہا کہ صوبے کے پہلے کینسر ہسپتال کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے جو جلد ہی تعمیر ہو جائے گا جس سے کینسر میں مبتلا مریضوں کو اب دوسرے صوبوں میں جانا نہیں پڑے گا ان کو صوبے ہی میں علاج و معالجہ کی بہتر سہولیات فراہم ہوں گی انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان دوسرے شعبوں کے ساتھ ساتھ صحت کے شعبہ میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں اور ان کی اور انکی کابینہ کی ذاتی خواہش ہے کہ صوبے کے عوام کو صحت کی سہولیات انکی دہلیز پر میسر ہوں انہوں نے کہا کہ بچوں کے کینسر وارڈ کی تعمیر کا کام بھی تیزی سے جاری ہے جبکہ صوبے کے گیارہ بی ایچ کیو کو ٹیچنگ کا درجہ دے دیا گیا جس سے صحت کے شعبہ میں مزید بہتری آئے گی انہوں نے کہا کہ صوبے میں تین نئے ہسپتالوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اس کے علاوہ تما م ہسپتالوں میں جدید اور نئی مشینری کی تنصیب کے منصوبوں پر کام۔جاری ہے جن کی تکمیل سے دیگر صوبوں کے جدید ہسپتالوں کی طرز پر صحت کی تمام سہولیات عوام۔کو یہاں ہی میسر ہوں گی اور وہ علاج کے لیے دیگر صوبوں میں نہیں جائیں گے


