پارٹی کے اراکین کو گھر میں گھس کر قتل کرنا بربریت کی انتہا ہے، رحمت صالح
کوئٹہ نیشنل پارٹی کے صوبائی نائب صدر سابق وزیر صحت رحمت صالح بلوچ نے نیشنل پارٹی پنجگور کے اراکین سفیر احمد،قدیراحمد اور ان کے والد محمد موسیٰ کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کو بربریت قرار دیاہے اور کہاہے کہ بلوچ تو عظیم روایات کے امین ہیں گھر میں گھس کر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے پورے خاندان کو ختم کرنے جیسے دردناک واقعہ کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، انہوں نے کہا کہ مقتولین انتہائی غریب اور بے ضرر لوگ تھے معلوم نہیں کہ غریب لوگوں کو نشانہ بنانے والے کس کے ایجنڈے کی تکمیل کے لئے بردار کشی کر رہے ہیں لیکن اللہ کی لاٹھی بے آواز ہوتی ہے مظلوم لوگوں کی آہ عرش ہلا دیتی ہے اسے واقعات میں ملوث عناصر اللہ کے قہر اور غضب سے نہیں بچ سکتے،انہوں نے کہا کہ علاقے کا سلیکٹڈ نمائندہ جب بھی علاقے میں آتا ہے تو اس جیسے افسوسناک واقعات رونما ہونے لگتے ہیں جس سے سوالات پیدا ہوتے ہیں کیونکہ موصوف وکٹ کے چاروں طرف کھیلتے ہیں،انہوں نے کہا کہ اس وقت پنجگور کے حالات جنگل سے بھی بدتر صورت اختیار کر چکے ہیں،کسی کی جان محفوظ ہے نہ ہی مال،نیشنل پارٹی نے 2013 میں اقتدار چیلنج سمجھ کر قبول کیا تھا اور پورے بلوچستان میں جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کرکے امن و امان کو بحال کیا تھا لیکن 2018کے انتخابات چرا کر جرائم پیشہ عناصر کے سر پر ستوں کو مسلط کرکے ایک بار پھر حالات خراب کئے گئے،انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی پر امن سیاسی جماعت ہے اور جمہوری جہدوجہد پر یقین رکھتی ہے اس واقعہ کے خلاف ہرفورم پر آواز بلند کرے گی انہوں نے افسوس ناک واقعہ میں ملوث عناصر اور ان کے سرپرستوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا،انہوں نے غمزدہ لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کربناک واقعہ کادرد الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا ہم مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں،انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہدا کو بلند مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔


