عراق میں داعش کے حملے میں 13پولیس اہلکار ہلاک،5زخمی

بغداد عراق کے شمالی حصے میں وفاقی پولیس چوکی پر داعش کے مشتبہ حملے میں 13 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک سیکیورٹی اہلکار نے بتایا کہ شمالی عراق کے دیہی علاقے میں واقع ایک وفاقی پولیس چوکی پر مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے بعد جھڑپیں شروع ہو گئیں۔انہوں نے حملے کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم داعش کو ٹھہرایا ہے اور بتایا کہ صوبہ کرکوک کے ستیہ گاؤں میں چیک پوسٹ پر ہفتے کی دیر رات ہونے والے حملے میں 5پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔اس ضمن میں سیکیورٹی اہلکار نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ تقریبا ایک گھنٹے تک جاری رہی جس میں ان کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے اور دہشت گردوں کے متعدد افراد زخمی ہوئے ہین۔دریں اثنا پولیس ذرائع نے بتایا کہ حملہ آوروں کا شمالی شہر کرکوک سے 30کلومیٹر جنوب مغرب میں قصبہ رشاد کے گاؤں میں تعینات پولیس کے ساتھ 2گھنٹے تک جھڑپ جاری رہی۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ عسکریت پسندوں نے پولیس کی کمک کو چوکی تک پہنچنے سے روکنے کے لیے سڑک کے کنارے نصب بم استعمال کیے جس سے پولیس کی 3گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔دوسری جانب داعش نے فوری طور پر اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں