رواں سال تنازعات کے باعث 6 لاکھ 34 ہزار سے زائد افغان شہری بے گھر ہوئے ، اقوام متحدہ

کابل(شِنہوا)افغانستان میں تنازعات کے باعث2021 کے دوران 6 لاکھ 34 ہزار سے زائد افغان شہریوں نے ملک کے اندر ہی نقل مکانی کی ہے۔افغانستان میں انسانی امور کی رابطہ کاری کیلئے اقوام متحدہ کے دفتر(او سی ایچ اے)نے جمعرات کے روز ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ 12 ستمبر 2021 تک تنازعات کے باعث مجموعی طور پر 6 لاکھ 34 ہزار 800 افراد کے بے گھر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے 2 لاکھ 82 ہزار 246 بے گھر افراد کو امداد فراہم کی گئی ہے۔یہ رپورٹ اس وقت سامنے آئی جب اگست کے وسط میں افغانستان پر طالبان کے قبضے کے بعد سے ملک میں سیکورٹی صورتحال مستحکم ہو گئی ہے۔افغان حکام اور انسانی ہمدردی کے اداروں نے ملک میں بے گھر ہونیوالے خاندانوں کے حالات پر تشویش کا اظہار کیا ہے کیونکہ صحت کی سہولیات اور تعلیم تک رسائی حاصل نہ ہونے کی وجہ سے اس نے خواتین اور بچوں کی زندگی کو متاثر کیا ہے۔او سی ایچ اے کے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں سال کے شروع میں افغانستان بھر میں قدرتی آفات کے باعث بھی 28 ہزار سے زائد افغان شہری متاثر ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں