کوسٹ گارڈز کی اوتھل اور پسنی میں کارروائیاں، 34ملین ڈالر مالیت پر مشتمل منشیات برآمد
اوتھل (این این آئی) پاکستان کوسٹ گارڈز کی انسداد منشیات اور اسمگلنگ کے خلاف اوتھل اور پسنی کے علاقے میں کارروائیاں، 2052 کلو گرام اعلی کوالٹی چرس اور 3595 کلو گرام ممنوعہ چھالیہ برآمد،پکڑی جائے والی منشیات کی عالمی منڈی میں قیمت 34.241 ملین ڈالر کے لگ بھگ بتائی جاتی ہے، پاکستان کوسٹ گارڈز کے ترجمان کے پریس ریلیز کے مطابق اوتھل چیک پوسٹ پر معمول کی چیکنگ کے دوران کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر بس(باچا خان کوچ) سے 3595 کلو گرام ممنوعہ چھالیہ برآمد ہوئی۔ جس کو قبضے میں لے کر قانونی کاروائی شروع کردی گئی ہے۔ جبکہ پاکستان کوسٹ گارڈز کی انٹیلی جنس ٹیم نے انسداد منشیات اوراینٹی اسمگلنگ مہم کے سلسلے میں ساحلی پٹی میں اسمگلنگ کی روک تھام میں اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کرتے ہوئے پسنی کے جنرل ایریا زیکو کپر پوسٹ کے شمال مغرب میں سرچ آپریشن کے دوران 2052 کلو گرام اعلی کوالٹی چرس کے 187 بیگ برآمد کر لئے۔ یہ اپریشن انتہائی مشکل اور نا قابل رسائی پہاڑی علاقے میں آنجام دیا گیا۔ پکڑی جائے والی منشیات کی عالمی منڈی میں قیمت 34.241 ملین ڈالر کے لگ بھگ ہے۔ خدشہ ہے کہ یہ منشیات بیرون ملک اسمگل ہونا تھی۔ یاد رہے کہ ماضی میں بھی باچا خان ٹرانسپورٹ کی طرف سے مسافروں کی آڑ میں ممنوعہ اشیاءکی اسمگلنگ کرنے کی کوشش کی جاتی رہی ہے جس سے ملکی معیشت کو گہرا نقصان پہنچتا ہے۔


