ایران کے ساحلی شہروں پر امریکی بمباری، جواب میں تہران نے بحرین اور کویت میں میزائل داغ دیے

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے امن معاہدے کے بعد بھی دونوں ممالک کی ایک دوسرے کے خلاف فوجی کارروائیاں جاری ہیں۔ امریکا نے مسلسل دوسرے دن ایرانی ساحلی شہروں سریک، بندر لنگہ اور جزیرہ قشم پر شدید بمباری کی ہے۔ جس کے جواب میں ایران نے بحرین اور کویت میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل داغے۔ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ ان کے لڑاکا طیاروں نے آبنائے ہرمز کے قریب ایران کے دس فوجی ٹھکانوں، میزائل اور ڈرونز کے گوداموں اور ریڈار سسٹم کو نشانہ بنایا ہے۔ امریکا نے اس کارروائی کی ایک ویڈیو بھی انٹرنیٹ پر جاری کی ہے۔ یہ حملے اس وقت شروع ہوئے جب کچھ دن پہلے عمان کے سمندر میں ایک تجارتی جہاز پر مبینہ طور پر ایرانی ڈرون سے حملہ کیا گیا تھا، جس کا الزام امریکا نے ایران پر لگایا تھا۔ اس امریکی بمباری کے جواب میں ایران کی فوج ’پاسدارانِ انقلاب‘ نے بحرین اور کویت میں قائم امریکی فوجی اڈوں پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے جوابی حملے کیے ہیں۔ ایرانی فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہماری بحری اور فضائی فوج نے کویت میں موجود امریکا کے علی السالم ایئربیس اور بحرین کے دارالحکومت منامہ میں امریکی بحری بیڑے کو نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی فوج نے سخت لہجے میں وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر دشمن نے کسی بھی بہانے دوبارہ جارحیت کی تو اس کا ایسا منہ توڑ جواب دیا جائے گا جو اسے تباہ کر دے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں