جام کمال کی حمایت میں کوئٹہ میں ریلی

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان عالیانی کی حمایت میں کوئٹہ میں ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء و سینیٹر پرنس آغا عمر احمد زئی کررہے تھے۔ ریلی کے شرکاء نے سریاب روڈ سمیت مختلف شاہراہوں پر گشت کیا۔ اس موقع پر سینیٹر پرنس آغا عمر احمد زئی نے کہا کہ پارٹی کے اندر تحفظات موجود ہیں جنہیں دور کرنے کے لئے سینٹ چیئرمین کوئٹہ میں موجود ہے تاہم ابھی تک کچھ اراکین ناراض ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کے سینئر رہنماء، چیئرمین سینٹ اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال مسئلے کا حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مسائل کو خندہ پیشانی سے حل کرلینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میر صادق سنجرانی ناراض اراکین کو منانے کے لئے سرگرم عمل ہے امید ہے آج مسئلہ حل ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی اور حکومت قائم ہوئی تب ہر ایک کی خواہش تھی کہ جام کمال وزیراعلیٰ بنے۔ دریں اثناء کوئٹہ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر ممبر داد شاہوانی کی قیادت میں بھی وزیراعلیٰ جام کمال کے حق میں میاں غنڈی دشت سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں