نااہل حکومت زمیندارون سے ان کا منہ کا نوالہ چھین رہی ہیں، کبیر محمد شہی

کوئٹہ:نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر میر کبیر جان محمدشہی نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ نااہل وفاقی و صوبائی حکومت زمینداروں سے ان کے منہ کا نوالہ چھین رہی ہیں ایران اور افغانستان سے پیاز، سیب اور آلو کی درآمد سے مقامی زمینداروں اور کسانوں کی سال بھر کی محنت ضائع ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی عدم فراہمی اور پانی کا طے شدہ حصہ نہ ملنے سے زیرزمین اور نہری پانی دونوں زرائع پر انحصار کرنے والے زمیندار شدید مشکلات کا شکار ہیں، کھاد سمیت دیگر ضروریات کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کررہی ہیں مگر زمینداروں کے لیے کوئی ریلیف نہیں۔ اوپر سے اپنے بل بوتے پر سال بھر اپنا خون پسینہ ایک کر کے زمینداروں کی جو فصل تیار ہوتی ہے وہ بھی حکومتی، نااہلی، عدم دلچسپی اور پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے کوڑیوں کے دام بکتی ہے جبکہ زمیندار اور کسان اپنے اخراجات بھی پورے نہیں کر پاتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ دور حکومت میں ہم نے سینیٹ میں یہ مسئلہ اٹھایا اور مزکورہ فصلات کی پیداوار کے دورانیہ میں ایران و افغانستان سے درآمد رکوا کر زمینداروں کو تحفظ فراہم کیا جس کے باعث تین سالوں تک انہوں نے اپنی فصلات کی مناسب قیمت وصول کی تاہم موجودہ مسلط حکمرانوں نے آتے ہی دوبارہ مقامی پیداواری سیزن میں گزشتہ چار سالوں سے درآمد شروع کروا کر زمینداروں کی کمر توڑ دی ہے مگر نظام میں زمینداروں کی نمائندگی نہ ہونے اور حکمرانوں کی عوام دشمنی کے باعث مسلسل زمینداروں کا استحصال ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی زمینداروں کے ساتھ ہے اور درپیش مشکلات کے حل کے لیے زمینداروں کے شانہ بشانہ ہر پلیٹ فارم پر انکے لیے آواز بلند کریگی حکومت فوری طور پر پیاز، سیب اور آلو کی ہمسایہ ممالک سے درآمد رکوائے اور زمینداروں اور کسانوں کا استحصال روک دے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں