کوئٹہ میں کوئلہ پھاٹک پل ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا، شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر ہوگئی، ضلعی انتظامیہ
کوئٹہ(یو این اے )ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو درپیش ٹریفک مشکلات کے پیش نظر کوئلہ پھاٹک پل ٹریفک کے لیے کھول دیا، جس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں کے درمیان آمدورفت بحال ہوگئی اور ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری آنا شروع ہوگئی۔کوئلہ پھاٹک پر زیارت اور ہنہ اوڑک کے واقعات میں 42 افراد، جن میں اکثریت پولیس اہلکاروں کی ہے، کی شہادت کے خلاف جاری دھرنے کے باعث پل بند تھا، جس سے شہر بھر میں شدید ٹریفک جام اور شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا تھا۔ذرائع کے مطابق حکومت اور دھرنے کے شرکا کے درمیان مذاکرات پیر تک ملتوی ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے کوئلہ پھاٹک پل کو ٹریفک کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا۔ پل کھلنے کے بعد گاڑیوں کی آمدورفت معمول پر آنا شروع ہوگئی، جس سے شہر بھر میں ٹریفک کا دبا کم ہونے لگا۔شہریوں نے پل کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ مستقبل میں ایسے حالات کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مثر متبادل انتظامات کیے جائیں تاکہ عوام کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


