ماشکیل میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے 5 مزدوروں کا قتل انتہائی قابل مذمت واقعہ ہے، آزادی کی نام نہاد تحریک کا لبادہ اوڑھے دہشتگرد معصوم افراد کو نشانہ کر اپنے مکروہ عزائم بے نقاب کرچکے، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ضلع ماشکیل میں نہتے اور بے گناہ مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ہونے والے صرف پنجابی مزدور نہیں تھے بلکہ وہ پاکستان کے شہری، محنت کش اور ہمارے اپنے بھائی تھے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ معصوم شہریوں پر حملہ کسی ایک صوبے یا قومیت پر نہیں بلکہ پاکستان کی وحدت، آئین اور ریاست پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی نام نہاد تحریک کا لبادہ اوڑھنے والے دہشت گرد نہتے مزدوروں کو نشانہ بنا کر اپنے مکروہ عزائم دنیا کے سامنے بے نقاب کر چکے ہیں۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردوں کا مقصد کسی حق کی جدوجہد نہیں بلکہ دہشت، نفرت، خونریزی اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست دشمن عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور پاکستانی شہریوں کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی میں ملوث ہر مجرم کو انجام تک پہنچایا جائے گا جبکہ ریاست کی رٹ پر حملہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی مزید فیصلہ کن ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ریاست دہشت گردی کے سامنے نہ کبھی جھکی ہے اور نہ ہی جھکے گی، جبکہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں