اپنے طویل ترین تعلق کے بارے میں سلمان خان کا جواب
معروف بھارتی اداکار سلمان خان کا کہنا ہے کہ بھارت کے مقبول ریئلٹی شو بگ باس سے ان کا رشتہ وہ رشتہ ہے جو سب سے طویل رہا۔
سلمان خان ان دنوں اپنی نئی فلم ٹائیگر 3کی شوٹنگ کے لیے اداکارہ کترینہ کیف کے ساتھ آسٹریا میں موجود ہیں جہاں انھوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران مختلف سوالات کے دلچسپ جوابات بھی دیے۔
دوران پریس کانفرس اداکار نے خود پر طنز کرتے ہوئےکہا کہ ریئلٹی شو بگ باس سے ایک دہائی سے زیادہ عرصے کا رشتہ ہے، بگ باس سے میرا رشتہ وہ واحد رشتہ ہے جو طویل عرصے سے جاری ہے۔
اداکار سلمان خان نے بتایا کہ بگ باس میری زندگی میں مستقل مزاجی لایا ہے اگرچہ اس دوران ہم کئی ماہ ایک دوسروں کو آنکھوں کے سامنے نہیں دیکھتے لیکن سیزن کے اختتام پر جب ہم ایک دوسرے سے علیحدہ ہوتے ہیں تو ایک بار پھر ملنے کے لیے بے چین ہوتے ہیں۔
ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے سلمان خان نے خود میں اور ’بگ باس‘ میں ایک مشترکہ چیز سے متعلق بھی انکشاف کیا، سلمان خان کا کہنا تھا کہ ’ہم دونوں غیر شادی شدہ ہیں، ہم دونوں بغیر کسی مداخلت کے خود کو باس سمجھ سکتے ہیں لیکن مجھے جو چاہیے وہ نہیں ملتا۔
خیال رہے کہ سلمان خان بگ باس سیزن 15 کی بھی میزبانی کریں گے جبکہ بگ باس سیزن 15 کا پریمیئر شو رواں برس اکتوبر میں ہوگا۔