پارٹی کارکنوں کو نظرانداز کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے، نور محمد دمڑ
کوئٹہ: بلو چستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء صوبائی وزیر پی ایچ ای/ واسا حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہاہے کہ پارٹی کارکنوں کو نظر انداز کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے کارکن ہی ہمارا اصل سرمایہ اور پارٹی میں ان کی حیثیت ریڑھ کی ہڈی کی سی ہے ا ن خیالات کااظہار انہوں نے پارٹی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا صوبائی وزیر حاجی نورمحمد خان دمڑنے کہاکہ کارکن، سپوٹرز ہی ہمارا اصل سرمایہ ہے قربانیاں دینے والے کارکنوں، سپوٹروں، حمایتوں کی بھرپورحوصلہ افزائی کرینگے صوبائی وزیر حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہاکہ بلوچستان عوامی پارٹی عوام کا نمائندہ جماعت ہے پارٹی کا منشور عوامی خدمت ہے پارٹی کی کارکردگی میں روزبروز اضافہ ہورہا ہے عوامی مسائل کے حل کیلئے ہر سطح پر تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں،بلوچستان عوامی پارٹی صوبے کے عوام کے دلوں کی دھڑکن بن چکی ہے انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی عوام کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے اور ہمیں عوامی مینڈیٹ کا بخوبی احساس ہے عوامی مسائل کو ان کے دہلیز پر حل کرنے کیلئے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں انہوں نے کہا کہ ان کا بنیادی مشن اپنے حلقے اور صوبے کے عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے اور وہ اپنے مشن کو پورا کرنے کے لئے کوشاں ہے۔عوام کو بنیادی سہولیات جیسے تعلیم صحت، پینے کی صاف پانی کی فراہمی اور دیگر ضروریات زندگی کی فراہمی کیلئے موثر منصوبہ بندی کی جارہی ہے جس کے ثمرات عوام کو دیکھنے کو ملیں گی،انہوں نے کہاکہ ہمیں اقتدار کسی نے خیرات میں نہیں دی بلکہ عوام نے ووٹ کی طاقت کے ذریعے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 70سالوں میں صوبے میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا تھا ہمارے دور حکومت نے آتے ہی صوبے میں ترقیاتی عمل شروع کر دیا جس کی وجہ سے عوام کے مسائل کافی حد تک حل ہوگئے، ہم نے ہمیشہ جمہوری اصولوں کو مد نظررکھتے ہوئے عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کی ہے انہوں نے کہاکہ حلقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور اسیکیمات کے معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا کیونکہ منصوبوں پر معیاری اور پائیدار کام سے ایک طرف فائدہ ہوگا تو دوسری طرف وسائل کی درست استعمال سے صوبے کے خزانے پر بوجھ کم ہوگا حلقے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھادیا ہے نئے منصوبوں کے دورس نتائج برآمد ہونگے۔ دریں اثناء صوبائی وزیر پی ایچ ای /واسا حاجی نورمحمد خان دمڑنے رکن صوبائی اسمبلی پارلیمانی سیکرٹری جنگلات سردار مسعود علی خان لونی،وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر ملک عادل خان بازئی،سابق ڈپٹی کمشنر ہرنائی عظیم جان دمڑودیگر کے ہمراہ مائینز انسپکٹر جلیل احمد دمڑ کے انتقال پر کاکڑ ہاؤس کلی دمڑان کچلاک میں انکے گھر جاکر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔


