زیارت، چیک پوسٹ پر حملے میں 9 اہلکار شہید، 35 مغوی پولیس اہلکاروں میں سے 15 کی لاشیں برآمد، کلیئرنس آپریشن میں 15 دہشتگرد ہلاک، معاون وزیر داخلہ بلوچستان
کوئٹہ (ویب ڈیسک) زیارت کے علاقے مانگی فیز تھری میں دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران 9 پولیس اہلکار شہید۔ ڈپٹی کمشنر زیارت کے مطابق پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان رات گئے سے شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، شہید ہونے والوں میں پولیس کے دو افسران بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق حملہ آور 35 پولیس اہلکاروں کو اغوا کرکے لے گئے، بعد ازاں 15 اہلکاروں کی لاشیں برآمد کرلی گئیں، مقتولین میں ایس ایچ ا و صحبت بھی شامل۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون شاہد رند کا کہنا ہے کہ زیارت میں کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے، ایف سی، پولیس، سی ٹی ڈی، ایس او ڈبلیو اور اے ٹی ایف نےکلیئرنس آپریشن مکمل کیا۔ ان کا کہنا تھا سیکورٹی فورسز اور پولیس نے کلیئرنس آپریشن کے دوران 15 دہشت گرد ہلاک کردیے۔ شاہد رند کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں پولیس کے 9 افسران و اہلکار شہید ہوئے، شہداءمیں ایس ایچ اوز تھانہ منگی اور تھانہ کواس، اے ٹی ایف انچارج اور دیگر اہلکار شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی ایس پی غلام سرور سمیت 8 پولیس اہلکار بحفاظت تھانہ کاچ پہنچ گئے، کانسٹیبل رضوان کو بھی بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔


