ہرنائی بچاؤ تحریک کا تادم مرگ بھوک ہڑتال کرنے کاعندیہ
کوئٹہ :ہرنائی بچاؤ تحریک کے چیئرمین سید نور محمد شاہ، و دیگر نے متنبہ کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات کے حل کے لئے فوری اقدامات نہ اٹھائے گئے تو وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے سامنے دھرنا اور تادم مرگ بھوک ہڑتال جیسے آپشنز اپنانے پر مجبور ہوں گے۔ منگل کے روز کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہرنائی بچاؤ تحریک کی جانب سے 22ستمبر 2021سے پہلی بار کوئٹہ تک ایک سو 80کلو میٹر تک لانگ مارچ کا آغاز کردیا گیا، لانگ مارچ کے شرکاء نے ہرنائی، زیارت، پشین اور کوئٹہ تک 12دنوں میں طویل مسافت طے کی اور کوئٹہ پہنچ کر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے بعد کیمپ منعقد کی گئی جہاں زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے آکر ہمارے مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے ان کی حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہرنائی بچاؤ تحریک کے 47مطالبات پر مشتمل چارٹر آف ڈیمانڈ تیار کی گئی ہے جس کے حل کے لئے صوبائی حکومت حکام اور گورنر بلوچستان سے بھی ملاقاتیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم بلوچستان اسمبلی کے باہر احتجاج ریکارڈ کرانے کا پروگرام رکھتے ہیں بلکہ تمام اضلاع میں احتجاجی مظاہرے، شٹرڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بعد ازاں کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے ہوں گے اور پھر 3دن تک علامتی بھوک ہڑتال کی جائے گی اگر اس کے بعد بھی ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیئے گئے تو وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا اور تادم مرگ بھوک ہڑتال کے آپشنز استعمال کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ کے منتخب اراکین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ دیں اور مطالبات کے حل کے لئے صدائے حق بلند کرے۔


