خضدار،استعمال شدہ پانی کو کار آمد بنانے کیلئے منصوبہ بندی جاری ہے، بی آر ایس پی

خضدار : خضدار میں استعمال شدہ پانی کو کار آمد بنانے کے لئے بی آر ایس پی تیکنیکی لحاظ سے منصوبہ بندی کررہی ہے اس سلسلے میں خضدار میں ایک یونٹ قائم کیا جائیگا۔ بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کے وائس چانسلر ڈاکٹر احسان اللہ خان کاکڑ کو بی آر ایس پی ٹیم کی جانب سے بریفنگ اور تعاون کی پیش کش۔ بلوچستان رورل پروگرام (بی آر ایس پی) کے وفد نے ٹیکنکل ایڈوائزر بلوچستان جعفر شاہ کی قیادت میں بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، خضدار کا دورہ کیا اور جامعہ کے وائس چانسلر ڈاکٹر احسان اللہ خان کاکڑ سے ملاقات کی۔اور اس موقع پر بی آر ایس پی کے وفد نے خضدار میں پانی کی صفائی کا نظام (DEWATS) اور اسے کار آمد بنانے پر بات چیت کی۔وائس چانسلر کو اس کے افعال اور فوائد سے آگاہ کیا اور ڈیوٹس کا مقصد کیمپس میں پودے لگانے کے لیے استعمال شدہ پانی کو فلٹر کرنا ہے کیونکہ پانی کی کمی بڑھ رہی ہے، استعمال شدہ پانی کو ری سائیکل کرنا ایک ضرورت بن چکی ہے۔ بلوچستان میں پانی کا بحران پچھلی دو دہائیوں میں بڑھ گیا ہے اور زندگی کے ہر پہلو کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ زیر زمین پانی کی سطح میں کمی کی وجہ سے بلوچستان میں یہ بحران مذید شدت اختیار کرسکتا ہے۔پانی کی قلت کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام (بی آر ایس پی) بوئٹ خضدار میں ڈیوٹس کا ایک یونٹ تعمیر کرنے جا رہا ہے۔ اس موقع پر بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنا لوجی خضدار کے وائس چانسلر ڈاکٹر احسان خان کاکڑ نے بی آر ایس پی کے اس اقدام کو حو صلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہاکہ یقیناً پانی کی قلت بڑھتی جارہی ہے اور اس حوالے سے عوام الناس کو اس کا احساس و ادراک کرتے ہوئے پانی کی قدر اور اس انمول نعمت کو بچانا ہوگا تاکہ ہم خود بھی پانی کی قلت کی پریشانیوں سے بچ سکیں بلکہ اسے اپنے آنے والی نسلوں کے لئے بھی محفوظ بنا سکیں جامعہ خضدار کی جانب سے بی آر ایس پی کے اس اقدام کی حوصلہ افزائی کی جائیگی اور ان کے ساتھ تعاون کیاجائیگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں