تمام ادارے اپنی کارکردگی بہتر بنا کر ریونیو کولیکشن کے اہداف مکمل کریں،چیف سیکرٹری بلوچستان
کوئٹہ:چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کی زیر صدارت جمعرات کے روز سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کی مالی صورتحال، محکموں کی کارکردگی، ریونیو کولیکشن میں درپیش مشکلات اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری خزانہ عبدالرحمن بزدار، سیکرٹری اسپیشل سیکریٹری خزانہ لال جان جعفر، سیکرٹری لائیو اسٹاک طیب لہڑی، اسپیشل سیکرٹری مائنز ڈاکٹرپرویز اور دیگر محکموں کے ڈائریکٹر جنرلز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں مائنز، زراعت، لائیو اسٹاک، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، فشریز،بورڈ آف ریونیو اور محکموں کو دیئے گئے ریونیو ٹارگٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری بلوچستان نے کہا کہ تمام ادارے اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ ریونیو کولیکشن کے ا ہداف حاصل کئے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری آفیسر ان اور ملازمین ایک جذبے اور کنٹمنٹ سے اپنے فرائض منصبی سرانجام دیں تاکہ صوبہ زیادہ سے زیادہ ترقی کرسکے اور عوام کو ریلیف مل سکے، چیف سیکرٹری نے ہدایت تمام محکموں کے سیکرٹریز اور دیگر آفیسر ان محکموں کی بہتری اور ریونیو کولیکشن کے اہداف حاصل کرنے میں اپنی کوششیں تیز کردیں،انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور اس کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ کریگی انہوں نے کہا کہ لوگوں کی فلاح و بہبودہمارا فرض ہے اور صوبائی حکومت صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔قبل ازیں سیکرٹری فنانس نے صوبے کی مالی حالت کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ 103 ارب روپے کے حصول کا ٹارگٹ رکھا ہے جبکہ اب تک صرف 6ارب کی ریونیو کولیکشن ہوئی ہے اور مالی سال ختم ہونے سے پہلے یہ ہدف حاصل کرنا ہے اور تمام ادارے اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائیں۔


