میانمار میں مخالفین کے خلاف بڑی فوجی کارروائی کا خدشہ

نیویارک:اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے میانمار میں کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور تشدد کو فورا ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔ عالمی ادارے نے ان تمام اقدامات کو یقینی بنانے پربھی زور دیاہے جن سے شہریوں کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اقوام متحد کی سلامتی کونسل نے متنبہ کرتے ہوئے کہاکہ حالیہ پیش رفت نے بالخصوص روہنگیا مہاجرین اور درونِ ملک بے گھر ہونے والے افراد کی رضاکارانہ، محفوظ، باعزت اور پائیدار واپسی کے لیے سنگین چیلنجز پیدا کردیے ہیں۔سلامتی کونسل کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سلامتی کونسل کے اراکین میانمار میں تشدد کے حالیہ واقعات میں اضافے پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔ وہ تشدد کو فورا ختم کرنے اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی اپیل کرتے ہیں۔برطانیہ کی جانب سے تیار کردہ بیان کے مسودے میں میانمار کی فوج سے حتی الامکان تحمل سے کام لینے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ہم میانمار کے عوام کی خواہش اور مفادات کے مطابق مذاکرات او رمفاہمت کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔سلامتی کونسل نے تمام ضرورت مند افراد تک انسانی امداد کسی روک ٹوک کے بغیر اور محفوظ طریقے سے پہنچانے اور انسانی امداد اور طبی خدمات انجام دینے والے رضاکاروں کو مکمل حفاظت اور تحفظ فراہم کرنے کی بھی اپیل کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں