تربت یونیورسٹی میں بی ٹی ٹی این کے اغراض و مقاصد کے موضوع پر آگاہی سیشن کا اہتمام کیا گیا

کوئٹہ:فیکلٹی آف آرٹس،ہیومنیٹیزاینڈسوشل سائنسزیونیورسٹی آف تربت کے زیراہتمام اور بلوچستان تھنک ٹینک نیٹ ورک (بی ٹی ٹی این)کے تعاون سے بلوچستان تھنک ٹینک نیٹ ورک کے قیام کے اغراض ومقاصد اور کردار کے موضوع پریونیورسٹی آف تربت میں آگاہی سیشن کا اہتمام کیاگیا۔ سیشن کی صدارت یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرجان محمدنے کیا۔پروگرام میں خصوصی طور پر بلوچستان میں بے روزگاری،غربت اور پانی کی کمی جیسے مسائل پر اظہارخیال کیاگیا۔سیشن میں وائس چانسلرکے علاوہ بی ٹی ٹی این کے ایگزیکٹیوڈائریکٹرپروفیسرڈاکٹرظفرخان، فیکلٹی آف آ رٹس،ہیومنیٹیزاینڈسوشل سائنسزکے ڈین پروفیسرڈاکٹرعبدالصبو راورشعبہ پولیٹیکل سائنس کے اسسٹنٹ پروفیسرچنگیزاحمدنے بھی اپنے خیالات کا اظہارکیا اور بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے مختلف تجاویزپیش کئے۔سیشن میں فیکلٹی ممبران اور طلبہ وطالبات نے بھی شرکت کی اور سوالات کئے۔اس موقع پراظہارخیال کرتے ہوئے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرجان محمدنے بلوچستان میں سماجی اور اقتصادی ترقی وخوشحالی لانے کے لئے غربت،بے روزگاری،توانائی اورپانی کے بحران سمیت بلوچستان کے دیگرمسائل پر بی ٹی ٹی این کے ساتھ مل کر مشترکہ تحقیقی کام کرنے کی تجویزپیش کی۔پروفیسرڈاکٹرظفرخان نے بی ٹی ٹی این کے قیام کے اغراض و مقاصد اور وژن کے بارے میں سیشن کے شرکاء کو آگاہی دیتے ہوئے کہاکہ یہ پاکستان کے تھنک ٹینک اداروں میں ایک نیااضافہ ہے اور بلوچستان میں اپنی نوعیت کا پہلاادارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی ٹی ٹی این موجودہ علاقائی اورعالمی اہمیت کے معاملات پر ہونے والی پیش رفت کو مدنظررکھتے ہوئے قومی اور صوبائی مسائل کے حل کے لئے توجہ مرکوزرکھتاہے۔بلوچستان تھنک ٹینک نیٹ ورک کے ایگزیکٹیوڈائریکٹرنے بلوچستان کی جیوپولیٹیکل،جیواکنامکس اور جیواسٹراٹیجک اہمیت پرتحقیق کرنے کی ضرورت پرزوردیا۔اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ ان کا ادارہ یونیورسٹی آف تربت کے طلبہ وطالبات کے لئے ا نٹرن شپ کے مواقع فراہم کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں