چیف سیکرٹری بلوچستان کی زیر صدارت پرائس کنٹرول سمیت دیگر کے حوالے سے اجلاس منعقد
کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز راناکی زیر صدارت پرائس کنٹرول، کورونا ویکسینیشن، سرکاری زمین پر تجاوزات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔جس میں ضروری اشیاء کے قیمتوں میں کمی، کورونا ویکسینیشن میں مزید تیزی سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکینڈری ہیلتھ کیئر عزیز احمد جمالی، بریگیڈیئر 12 کور ابرار، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ عرفان نواز میمن جبکہ ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ویکسینیشن میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے اور تمام ڈپٹی کمشنرز ترجیحی بنیادوں پر کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے اقدامات کرے اور اس سلسلے میں پاک فوج کی بھی خدمات لی جائیں گی۔ انہوں نے سیکریٹری صحت کو ہدایت کی کہ جہاں پر ویکسینیٹرز کی ضرورت ہو وہاں پر فراہم کئے جائیں۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس کے شرکاء کو ہدایت کی کہ مقررہ قیمتوں پر ضروری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے ڈویژنل کمشنرز کو ہدایات میں یہ واضح کیا کہ وہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے سخت اقدامات اٹھائیں گے اور خود ساختہ افراط زر کو برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اشیاء ضروریہ کی مقررہ نرخوں سے زیادہ قیمتوں پر فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے اجلاس میں سرکاری زمینوں پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔


