کوئٹہ کے تمام لینڈ ریکارڈز کو جلد کمپیوٹر رائزڈ کرنے کا فیصلہ
کوئٹہ:سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو محمد اکبر حریفال نے کہا ہے کہ لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن سے فردات کے حصول اور انتقال اراضی کا فرسودہ طریقہ ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گالہذا تمام اراضی ریکارڈ کی کمیپوٹرائزیشن کے عمل کو تیز کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر کوئٹہ ڈویژن کے دفتر میں کوئٹہ کے اراضی ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے عمل کو تیز اور حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ عرفان نواز میمن،ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ ڈویژن محمد یاسر بازئی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کوئٹہ خلیل مراد،بورڈ آف ریونیو کے آفیسرا ن،تحصیلداران اور متعلقہ فرم کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کوئٹہ کے تمام لینڈ ریکارڈ کو جلد از جلد کمپیوٹرائزیشن کرنے کے لیے موثر اقدامات اُٹھائے جائیں اس حوالے سے حائل رکاوٹوں کو دور کرکے کمپیوٹرائزیشن کے عمل کو تیز کیا جائے۔کوئٹہ کے تمام تحصیلد اران دس یوم کے اندر اندر فردات بدرات کی تصدیق کا عمل مکمل کرکے جمع کرائیں جبکہ جمع بندیوں کے حوالے سے تمام ریکارڈ کو دو ماہ کے اندر اندر تصدیق کرکے کمپیوٹرائزڈ کیاجائے۔سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے کمشنر کوئٹہ ڈویژن کو ہدایت کی کہ اراضی ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کے عمل کو تیز کرکے جلد از جلد تمام ریکارڈ مکمل کیا جائے اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو ہدایت کی گئی کہ کوئٹہ شہر میں عوام کی سہولت کے لیے لینڈ ریکارڈ سہولت مرکز قائم کیا جائے تاکہ شہری باآسانی اپنی اراضی سے متعلق معلومات حاصل کر سکیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو محمد اکبر حریفال نے کہا کہ کمپیوٹرائزڈ سسٹم سے زمینوں کی خرید وفروخت اور ان کی شفافیت یقینی ہوگی جس سے عوام اور متعلقہ ادارے استفادہ حاصل کرسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کی بدولت اراضی سے متعلق ریکارڈ کی آن لائن دستیابی ممکن ہو سکے گی جس کے تحت زمین کے فرد کا حصول اور ان کا انتقال باآسانی ہو سکے گا۔ جس سے کوئٹہ میں لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کے عمل میں عوام کو درپیش مسائل میں کافی حد تک کمی واقع ہوگی اور لوگوں کو لینڈ ریکارڈ تک آسان رسائی حاصل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اراضی کے موجودہ ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے اور سہولت سینٹرز کے زریعے سائلین کو مطلوبہ سروس کی فراہمی سے لوگوں کے اراضی سے متعلق مسائل کا خاتمہ ممکن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کمپیوٹرائزڈ نظام کے ذریعے نہ صرف زمین کا ملکیتی ریکارڈ محفوظ ہوجائے گا بلکہ جائیداد کی منتقلی احسن انداز میں ہوسکتی ہے جس سے جعلسازی، ٹیکس چوری اور تنازعات کا خاتمہ ہو جائے گا۔


