ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور صحافیوں کے مابین مذاکرات کامیاب
کوئٹہ:سول اسپتال کوئٹہ میں نجی ٹی وی چینلز کے رپورٹرز حاجی خالد گجر اور عطیہ اکرم کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کے نتیجے میں پیدا ہونے والے دو الگ الگ تنازعات کو خوش اسلوبی سے طے کر لیا گیا بی یو جے اور کوئٹہ پریس کلب نے وائی ڈی اے کی خبروں کا بائیکاٹ ختم کردیا۔ اس مقصد کیلئے وائی ڈی اے بلوچستان کے رہنما ڈاکٹر حنیف کی قیادت میں وائی ڈی اے کا وفد کوئٹہ پریس کلب پہنچا جہاں بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر سلمان اشرف سینئر نائب صدر شاہ حسین ترین بی یو جے کے سینئر عہدیداران سمیت کوئٹہ پریس کلب کے صدر عبدالخالق رند، جنرل سیکرٹری بنارس خان اور پریس کلب کے سینئر عہدیدار موجود تھے۔ تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات کے اس تیسرے مرحلے میں وائی ڈی اے بلوچستان کے رہنماں نے دونوں واقعات میں ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی جانب سے غلطی تسلیم کرتے ہوئے دونوں واقعات پر متاثرہ رپورٹرز اور صحافیوں سے باقاعدہ معزرت کی مذاکرات میں یہ طے پایا کہ آئندہ پیدا ہونے والی کسی بھی صورتحال سے مل جل کر نمٹا جائے گا اورکسی بھی واقعہ کی صورت میں وائی ڈی اے بلوچستان، بی یو جے اور کوئٹہ پریس کلب کے منتخب عہدیدار اور باڈیز ایک دوسرے کے ساتھ باہم رابطہ کر کے معاملات کو سلجھائیں گے، مذاکرات میں وائی ڈی اے نے صحافیوں کو یقین دہانی کروائی کہ آئندہ ایسے ناخوشگوارواقعات رونما نہیں ہوں گے اور اگر ایسا کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما ہوتا ہے تو مل جل اسے حل کرلیا جائے گا۔ اس وقع پر مذاکرات کی کامیابی کے بعد دعائے خیر کی گئی جبکہ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس اور کویٹہ پریس کلب نے ینگ ڈاکٹرز کی خبروں کا بائیکاٹ ختم کردیا۔ یاد رہے کہ سول اسپتال کوئٹہ میں اکتوبر اور نومبر کے مہینوں میں سول اسپتال کوئٹہ میں نجی ٹی وی کے رپورٹرز حاجی خالد گجر اورخاتون رپورٹرعطیہ اکرم کے ساتھ ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے بعض عہدیداروں نے بدسلوکی کرنے کے ساتھ اسپتال میں کوریج سے روکا تھا جس کے بعد بی یو جے، کوئٹہ پریس کلب اور دیگر اخباری تنظیموں نے ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کے کسی بھی پروگرام، احتجاجی مظاہروں اور پریس کانفرنسز کا بائیکاٹ کیا تھا وائی ڈی اے کی جانب سے باضابطہ معزرت کے بعد بی یو جے اور کویٹہ پریس کلب نے وائی ڈی اے کی کوریج کا بائیکاٹ ختم کردیا۔


