پرامن احتجاج ہرشہری کا حق، کرنمنل لاء آرڈیننس غلط طور پر پیش کیا گیا، گورنر بلو چستان
کوئٹہ:گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا کے نام سے منسوب گزشتہ دو دنوں سے ٹی وی چینلز، پرنٹ میڈیا اور سوشل میڈیا پر شائع ہونے والا کریمنل لاء آرڈیننس سے متعلق بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا ہے گورنر ہاؤس کے سرکاری ترجمان کے مطابق ایک وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ پر امن احتجاج کرنا، اپنے جائز حقوق کے حصول کیلئے دھرنا دینا، مذہب آزادی اور اپنی رائے کا اظہار کرنا اگرچہ ہر شہری کا قانونی حق ہے لیکن محفوظ آمدورفت کی پاسداری کو یقینی بنانا نہ صرف حکومت کی ذمہ داری ہے بلکہ عوام کا آئینی حق بھی ہے کریمنل لاء آرڈیننس کے اجراء کا مقصد ان دونوں کے درمیان توازن قائم کرنا ہے دھرنوں اور مظاہروں کے نام پر سڑکوں، گلیوں محلوں اور قومی شاہراہوں کو جبراً بند کرنے کی کسی کو اجازت نہیں ہونی چاہیے. عوام کے احتجاج ریکارڈ کروانے کیلئے پہلے سے مخصوص جگہیں، فورمز اور پارک دستیاب ہیں.واضح رہے کہ کریمنل لاء ترمیمی آرڈیننس بمورخہ یکم نومبر 2021 کو منظور ہوا جبکہ اس وقت صوبائی اسمبلی بلوچستان کا کوئی سیشن/اجلاس جاری نہیں تھا جسے بعض عناصر نے غلط طور پر پیش کیا۔


