حکومت خصوصی افراد کو معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کیلئے کوشاں ہے، ثمینہ ممتاز
کوئٹہ:حکومت خصوصی افراد کو معاشرے کا کار آمد شہری بنانے کیلئے کوشاں ہے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے فلاحی تنظیم کورٹ کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے معذوروں کے عالمی دن کے موقع پراپنے خصوصی پیغام میں کیا۔انہوں نے کہاکہ خصوصی افراد کو کار آمد شہری بنانے کیلئے ہمیں مل کر کردار ادا کرنا ہو گا،خصوصی افراد کی صلاحیت کو بروئے کار لا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔خصوصی افرادکو مہارت یافتہ بنانے اور انہیں وقت کی ضروریات کے مطابق تعلیم و تربیت دینے کی ضرورت ہے،خصوصی افرادسے متعلق وزارتِ اطلاعات اور میڈیا ڈیجیٹل کیساتھ ساتھ سکول اور علاقائی سطح پر ایک قومی آگاہی مہم کی ضرورت ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہاکہ خصوصی افراد کی ترقی و خوشحالی ہم سب کی ذمہ داری ہے اور اس موضوع پر آگاہی پیدا کرنے کیلئے کام بھی کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں تقریباً 15 فیصد آبادی کسی نہ کسی ذہنی یا جسمانی معذوری کا شکار ہے۔ انہوں نے کہاکہ دنیا بھر میں خصوصی افراد کو تعلیم اور صحت کی سہولیات پہنچانے کے لئے بھرپور کوشش کی جارہی ہے لیکن پھر بھی ان افراد کو پبلک مقامات تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے جس کو کم کرنے کے لئے تمام دنیا میں کام ہو رہا ہے اور ترقی یافتہ ممالک میں تو خصوصی افراد کے لئے سہولیات اور پبلک مقامات پررسائی کے لئے ریمپ لازمی قرار دیا جاچکا ہے اور خصوصی افراد کے لئے ہر جگہ خصوصی کاؤنٹرز بنائے جاتے ہیں۔پاکستان میں بھی ہمیں ایسے لوگوں کی رسائی اور نقل وحرکت کو سہل بنانے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں ضروری قانون سازی کرنے کی اشد ضرورت ہے اورحکومتی احکامات پر مکمل عملدرآمد ہونا چاہئے کہ تمام بینکوں،ہسپتالوں، شاپنگ مالز اورپبلک مقامات پر خصوصی افراد کی نقل و حرکت کے لئے ریمپ بنائے جائیں اور ہر نئی بننے والی بلڈنگ میں سیڑھیوں کے ساتھ ساتھ ریمپ لازمی قرار دیئے جائیں تاکہ ایسے لوگ آسانی سے اپنے روز مرہ کے معمولات کو بخوبی سرانجام د ے سکیں۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہاکہ خصوصی افراد کو کار آمد شہری بنانے کیلئے ہمیں مل کر کردار ادا کرنا ہو گا،خصوصی افراد کی صلاحیت کو بروئے کار لا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیاجا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ خصوصی افرادکے لئے ہنر سیکھنے اور روزگار کے مواقع پیدا کئے جارہے ہیں اور ملک کے مختلف حصوں میں ووکیشنل سنٹر ز کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے تاکہ کسی بھی معذوری ہونے کے باوجود وہ فرد بھی معاشرے میں ایک کارآمد اور مفید شہری کی حیثیت سے ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکے۔اس سلسلے میں وفاقی اور صوبائی حکومتی سطح کے ساتھ ساتھ نجی سطح پر بھی خصوصی افراد کے لئے مختلف ٹریننگ سنٹرز کے قیام کو عمل میں لانے کے لئے اقدامات پر تیزی سے کام جاری ہے۔


