ایف بی آر کے اعلان کر دہ نرخوں کی وجہ سے جائیدادوں کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ہوگا جعفر خان مندوخیل
کوئٹہ:پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماء سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل نے ایف بی آر کی جانب سے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں جائیدادوں کی مالیت میں اضافے کے نوٹفکیشن کو غیر معقول اور غیر حقیقی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایف بی آر کے اعلان کر دہ نرخوں کی وجہ سے جائیدادوں کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ہوگا جس سے ٹیکسز، ٹرانسفر کی فیس سمیت دیگر اخراجات میں بے انتہا اضافہ ہوگا، جائیدادوں کی اسٹامپ پیپر پر فروخت سے دھو کہ بازی میں بھی اضافہ ہوگا ایف بی آر نوٹیفکیشن واپس لیکر زمینی حقائق کے مطابق نیا نوٹیفیکشن جاری کرے۔ یہ بات انہوں نے ایف بی آر کے ریونیو ڈویژن کی جانب سے جائیدادوں کی نئی قیمتوں کے جاری کردہ اعلامیے پر رد عمل دیتے ہوئے کہی۔ سابق وزیرریونیو شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ میں جب ریونیو کا وزیرتھا اس وقت کے سینئر ایم بی آر آغا تیمور شاہ کے ذریعے جائیدادوں کی قیمتوں پر نظر ثانی کی گئی لیکن یہ تجر بہ ناکام رہا تھا کیونکہ جائیدادوں کی قیمتیں کئی گنا بڑھنے سے جعل سازی اور اسٹامپ پیپر پر فروخت شروع کردی جاتی ہے جس سے نہ صرف خزانے کو ٹیکسز حاصل نہیں ہوتے بلکہ معاشرے میں فسادات اور جھگڑے بھی بڑھتے ہیں انہوں نے کہا کہ دنیا میں کہیں میں 40فیصد تک قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوتا سب سے زیادہ ریٹس بھی 17سے 18فیصد ہوتے ہیں بلوچستان میں جائیدادوں کے نرخ زمینی حقائق کے ساتھ ساتھ مارکیٹ کے تناسب سے ہونے چاہیئں انہوں نے کہاکہ نئے نرخ نامے کے مطابق شہریوں کو اپنی جائیداد کا ایک چوتھائی سے زائد حصہ صرف ٹیکسوں کی مد میں دینا پڑیگا ساتھ ہی جائیدادوں کی قیمت آسمان سے باتیں کرنے لگے گی انہوں نے کہا کہ غیر معقول ریٹس کو فوری طور پر درست کرنے کے لئے محکمہ ریونیو کے تجربہ کار عملے کی خدمات حاصل کی جائیں اور موجودہ ٹوٹیفکیشن کو فور ی طور پر واپس لیا جائے


