سارو گنگولی نے کوہلی سے ون ڈے ٹیم کی کپتانی واپس لینے کی وجہ بتادی

ممبئی(جی این ایم)بھارتی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سارو گنگولی نے ویرات کوہلی سے ون ڈے ٹیم کی کپتانی واپس لینے کی وجہ بتا دی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے گزشتہ دنوں دورہ جنوبی افریقا کے لیے 18 رکنی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کیا تھا اوراس موقع پر ٹی ٹونٹی ٹیم کپتان روہت شرما کو ون ڈے کا کپتان مقرر کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق ویرات کوہلی سے ون ڈے کی کپتانی واپس لیے جانے سے متعلق سارو گنگولی کا کہنا تھا کہ بی سی سی آئی نے ویرات کوہلی سے ٹی ٹونٹی ٹیم کی کپتانی نہ چھوڑنے کی درخواست کی تھی لیکن وہ اس پر راضی نہیں ہوئے جس کے بعد سلیکٹرز کو وائٹ بال فارمیٹ میں دو الگ الگ کپتان رکھنا مناسب نہیں لگا اور اسی بنا پر کوہلی سے ون ڈے فارمیٹ کی کپتانی واپس لی گئی۔انہوں نے کہا کہ بورڈ نے یہ فیصلہ کیا ہیکہ ٹیسٹ فارمیٹ کی کپتانی ویرات کوہلی کے ہی پاس رہے گی اور اس فیصلے کے بارے میں انہوں نے ذاتی طور پر کوہلی کو آگاہ کردیا ہے۔ بی سی سی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں ویرات کوہلی کی شاندار شراکت داری پر ان کے مشکور ہیں۔واضح رہیکہ ویرات کوہلی نے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے بعد کپتانی سے دستبرداری اختیار کی تھی جس کے بعد روہت شرما کو یہ ذمہ داری سونپی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں