پاکستان کا آئین تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق دینے کا ضامن ہے، گورنر بلوچستان
قلات: گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور اظہار رائے کا پورا حق دینے کا ضامن ہے،تمام اقلیتوں بالخصوص ہندو اور مسیحی برادری کا تعلیم اور صحت کے شعبے میں گرانقدر خدمات ہیں اور توقع ہے کہ آئندہ بھی آپ ملک و صوبے کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز بلوچستان کے تاریخی شہر قلات میں دیوان ہری چند کی قیادت میں ہندو پنچائیت کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ پورے خطے کو امن وآشتی کا گہوارہ بنانے کیلئے مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دینا اشد ضروری ہے۔ وفد نے گورنر بلوچستان کو قلات ہندو محلے کے عوام کو درپیش صحت، تعلیم اور پینے کا صاف پانی کے حوالے سے درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔گورنر بلوچستان نے ان کے مسائل کو غور سے سنا اور ان کے حل کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، بعدازاں گورنربلوچستان نے قلات کے تاریخی کالی ماتا مندر کا دورہ بھی کیا۔


