نم کی پوری ٹیم کی کاوشیں، خدمت خلق و مہارت لائق تحسین ہیں، گورنر بلوچستان

کوئٹہ:گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ بلوچستان میں نم کے زیر تربیت افیسرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری آفیسرز کو دس ہفتوں کی تربیت فراہم کرنے سے وہ بیوروکریٹک سطح پر ملک و قوم کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے قابل ہو جائیں گے. اس ضمن میں ڈائریکٹر جنرل نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ ارم بخاری اور ان کی پوری ٹیم کی انتھک کاوشیں، پیشہ ورانہ مہارت اور خدمت خلق کا جذبہ لائقِ تحسین ہیں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کے دورہ کے موقع پر نم کے زیر تربیت آفیسرز سے خطاب کرتے ہوئے کیا. ڈائریکٹر جنرل نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ ارم بخاری نے ادارے کی کارکردگی اور مینجمنٹ کورس کے اغراض و مقاصد سے گورنر بلوچستان کو آگاہ کیا۔تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ مینجمنٹ کورس کی تکمیل کے بعد تمام متعلقہ آفیسرز پر بڑی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں جن کو احسن طریقے سے انجام دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بہترین جغرافیہ اور قدرتی وسائل و معدنیات سے نوازا ہے لہٰذا ضروری ہے کہ ہم دستیاب وسائل سے استفادہ کریں۔ گورنربلوچستان نے کہا کہ نیشنل مینجمنٹ کورس کی فراہمی سے زیر تربیت آفیسرز کو اپنی پوشیدہ صلاحیتیں ملک و قوم کے بہترین مفاد میں بروئے کار لانے میں مدد ملے گی. انہوں نے زیر تربیت آفیسرز پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپ عوامی معاملات کو ترجیح دیں اور مفاد خلق کی خاطر اپنے آپ میں ذاتی مفاد کو قربان کرنے کا جذبہ پیدا کریں۔ آخر میں گورنر بلوچستان نے مہمانان گرامی اور شرکاء میں یادگاری شیلڈز اور اسناد تقسیم کیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں