کوئٹہ شہر کی صفائی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ایڈمنسٹر یٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن

کوئٹہ:ایڈمنسٹریٹرمیٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ شوکت علی نے کوئٹہ شہر میں صفائی کی ناقص صورتحال اور صفائی کے عملے کی بروقت شہر کی صفائی نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر کی صفائی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، صبح سویرے ہی عملہ شہر کی صفائی کیا کرے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو صبح سویرے ہی شہر کے مختلف علاقوں علمدار روڈ، طوغی روڈ، باچاخان چوک، قندھاری بازار، لیاقت بازار، مسجد روڈ، سرکلر روڈ، فاطمہ جناح روڈ، زرغون روڈ، ڈبل روڈ دیگر علاقوں کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ایڈمنسٹریٹر نے پیر کی صبح 7بجے شہر کے مذکورہ شاہراہوں کا دورہ کیا اور صفائی کی ابتر صورتحال پر عملے کی سرزنش کی اور ہدایت کی کہ عوام کے بازار میں نکلنے سے پہلے ہی صفائی کیا کرے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ بلوچستان کا دارالحکومت ہے اسے صاف کرنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، صفائی عملہ تندہی سے کام کرے۔ انہوں نے کہاکہ انہوں نے شہر کو صاف ستھرا رکھنے کا عزم کر رکھا ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں