وزیراعلیٰ کی زیر صدارت، ایگریکلچرل ٹرانسفارمیشن پلان سے متعلق جائزہ اجلاس
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت وزیر اعظم کے خصوصی اینیشیٹیو برائے ایگریکلچرل ٹرانسفارمیشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق جائزہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے صوبے کے کسانوں کو کسان کارڈ کا اجراء اور کسانوں کی رجسٹریشن کے لئے مطلوبہ 10 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر زراعت میر اسداللہ بلوچ، چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا اور سیکریٹری زراعت سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مذکورہ پلان کے تحت کسان کارڈ کا اجراء، کسانوں کی رجسٹریشن، زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے کسانوں کو مصدقہ بیجوں کی فراہمی اور زرعی شعبے میں ریسرچ سمیت دیگر اقدامات شامل ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے صوبے کے لوگ زیادہ تر زراعت اور زرعی شعبے سے وابستہ ہیں اور ہماری حکومت کسانوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے کسان دوست اقدامات کے تسلسل کو جاری رکھے گی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے لوگوں کے روزگار کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے جس کے لئے ہم تمام عوامی نوعیت کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنائیں گے۔


