بلوچستان میں ملیریا کے پھیلاو کو کم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے،ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ بلوچستان
کوئٹہ:ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ بلوچستان ڈاکٹر نورمحمدقاضی،ایڈیشنل سیکرٹری صحت عبدالقادر اور صوبائی سربراہ ملیریا کنٹرول پروگرام ڈاکٹر میرخالد قمبرانی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ملیریا کی بیماری کے پھیلاو کو کم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے اس سلسلے میں کسی بھی غفلت یا کوتاہی قابل قبول نہیں ہے،حکومت کے وژن کے مطابق عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہے۔ یہ بات انہوں نے ملیریا کنٹرول پروگرام کے تمام ڈسٹرکٹ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ 2روزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ملیریا کنٹرول پروگرام اسلام آباد ر محمد مختار، اسٹاف آفیسر سیکرٹری صحت شوکت زہری، ضلعی ہیلتھ آفیسرز، گلوبل فنڈ، بی آر ایس پی اور ٹی آئی ایچ کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر ملیریا کنٹرول پروگرام اسلام آباد محمد مختار نے اجلاس میں اضلاع کی پریزنٹیشن کے دوران اپنی قیمتی رائے دی۔ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ بلوچستان ڈاکٹر نور محمد قاضی نے کہا کہ عوام کو علاج معالجے کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو، صوبائی وزیر صحت سیداحسان شاہ اور سیکرٹری صحت ڈاکٹر نورالحق بلوچ کی ہدایات کی روشنی میں صوبے میں ملیریا کی بیماری کے پھیلاؤ کو کم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کارلایا جائے گا اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ناقابل قبول ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی ہیلتھ آفیسرز اور ڈپٹی ضلع ہیلتھ آفیسرز اپنے اپنے علاقوں میں ملیریا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے موثر اور عملی اقدامات اٹھائیں اور عوام کو ملیریا سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی فراہم کریں۔ایڈیشنل سیکرٹری صحت عبدالقادر نے کہا کہ محکمہ صحت، حکومت بلوچستان ملیریا کے خاتمے کے لیے صوبائی پروگرام اور اضلاع کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ صوبے میں ملیریا کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔صوبائی سربراہ ملیریا کنٹرول پروگرام ڈاکٹر میرخالد قمبرانی نے کہا کہ بلوچستان میں ملیریا کے خاتمے اور اسکے پھیلاو کو روکنے کیلئے محکمہ صحت ملیریا کنٹرول پروگرام نے تمام ضلعی ہیلتھ آفیسرز کو فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے ہماری کوشش ہے کہ ملیریا کی بیماری کے حوالے سے عوام میں زیادہ سے زیادہ شعور و آگاہی فراہم کی جائے اس سلسلے میں وقتاً فوقتاً سیمینارز کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے تاکہ ملیریا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے شہریوں کو آگاہی دی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی ہیلتھ آفیسرز اور ڈپٹی ضلعی ہیلتھ آفیسرز کی معاونت اور موثر حکمت عملی اپنانے سے ہی علاقائی سطح پر ملیریا کی روک تھام کے مقرر کردہ اہداف کو حاصل کیا جاسکتا۔


