نعمت اللہ نیچاری کی ماورائے آئین گمشدگی کیخلاف کوئٹہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، بی این پی
کوئٹہ:بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں کہاگیاہے کہ بی این پی کے یونٹ سیکرٹری قاضی نعمت اللہ نیچاری کی ماورئے آئین وقانون گمشدگی کے خلاف 10جنوری بروز سوموار سہ پہر 2بجے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیاجائے گابیان میں کوئٹہ کے تمام یونٹ سیکرٹریز،ڈپٹی سیکرٹریز،ضلعی کونسلران،پارٹی ممبران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ احتجاجی مظاہرے میں وقت مقرہ پر اپنی شرکت کو یقینی بنائیں اور سیاسی وجمہوری انداز میں اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں بیان میں کہاگیاہے کہ آج بھی بلوچستان میں سیاسی کارکنوں کی اغواء اور جبری طور پرلاپتہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے جس کا مقصد سیاسی کارکنوں کوخوف وہراس،دھونس دھمکیوں،گرفتاریوں،ذہنی کوفت سے دوچار کرکے اپنے بنیادی جمہوری قومی حقوق کی جدوجہد سے دور کیاجاسکے یہ اقدام ملکی قوانین اورانسانی حقوق کی پامالیوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے،آئین اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ کسی کو اس طرح لاپتہ کیاجائے اگر کسی بھی شخص پر کسی قسم کا کوئی الزام ہے تو انہیں عدالتوں میں پیش کیاجائے ناکہ انہیں جبری طورپر لاپتہ کرکے ان کے اہل خانہ کو ذہنی کوفت میں مبتلا کرکے انہیں مشکلات سے دوچار کرے،بی این پی ایک سیاسی جمہوری جماعت ہے جس نے روز اول سے لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے جدوجہد میں مصروف عمل ہے۔جبری طورپر گمشدگیوں سے بلوچستان میں مسائل میں اضافہ ہوگا جو کسی بھی فریق کیلئے سود مند نہیں لہٰذا پارٹی کے یونٹ سیکرٹری قاضی نعمت اللہ نیچاری سمیت تمام لاپتہ افراد کو منظر عام پر لایاجائے تاکہ ان کی اہل خانہ کی تشویش میں کمی واقع ہوں۔


