حکومت آئی ایم ایف کے حکم پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور بجلی کے نرخوں میں اضافہ کر رہی ہے، رضا ربانی
اسلام آباد :سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہاہے کہ حکومت آئی ایم ایف کے حکم پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور بجلی کے نرخوں میں اضافہ کر رہی ہے، متوسط اور مزدور طبقہ بل ادا کرنے کی سکت نہیں رکھتا، تنخواہ دار لوگ اپنے خاندان کا بجٹ نہیں بنا سکتے۔وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ 100 کارپوریشنز نے گزشتہ سال 950 ارب روپے کا ریکارڈ منافع کمایااس سے لگتا ہے کہ حکومت ملٹی نیشنلز اورسرمایہ داروں کی حمایت کرتی ہے،یہ ہی سبب ہے کہ محنت کش طبقہ تنزلی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہاکہ کارپوریشنز قانون کے مطابق بنیادی اجرت ادا کرنے میں ناکام ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جنوری میں کنزیومر پرائس انڈیکس 13 فیصدپر پہنچ گیا، تمام اشیاء اور یوٹیلیٹیز کی قیمتوں میں اضافہ کا رجحان ہے۔ سینیٹر رضا ربانی نے کہاکہ گھریلو اشیاء توانائی کی قیمتوں میں 15.5 فیصد ٹرانسپورٹ کے شعبے میں 23 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا، اشیائے خور و نوش میں 14 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت آئی ایم ایف کے حکم پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور بجلی کے نرخوں میں اضافہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ متوسط اور مزدور طبقہ بل ادا کرنے کی سکت نہیں رکھتا، تنخواہ دار لوگ اپنے خاندان کا بجٹ نہیں بنا سکتے، شہری بچوں کو تعلیم اور ایک دن کا کھانا بھی نہیں کھلا سکتے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے میں ناکام رہی ہے


