اسرائیل میں 15لاکھ سال پہلے کے قدیم انسان کی ریڑھ کی ہڈی دریافت

بیت المقدس:اسرائیلی محققین نے انسان کی ایک قدیم ریڑھ کی ہڈی دریافت کی ہے جو15لاکھ سال پرانی ہے۔اسرائیل کے آثار قدیم کے ادارے(آئی اے اے)کے مطابق یہ اسرائیل میں دریافت ہونے والے قدیم انسان کا اب تک کا قدیم ترین ثبوت ہے۔یہ دریافت ایک نئی تحقیق میں شامل کی گئی ہے،جو اسرائیل کے وسطی علاقے میں واقع بار ایلان یونیورسٹی اور اونو اکیڈمک کالج اورامریکہ کی تلسا یونیورسٹی اور آئی اے اے نے مشترکہ طور پر کی ہے۔ریڑھ کی یہ ہڈی 1966 میں، اسرائیل کی شمال مشرقی وادی اردن میں اسرائیل کے بحیرہ گیلیلی کے جنوبی کنارے پر واقع عبیدیہ کے مقام سے دریافت کی گئی تھی۔حال ہی میں عبیدیہ کے مقام پر کھدائی دوبارہ شروع کی گئی، اور اس جگہ سے جانوروں کی ہڈیوں اور اوزاروں کو دوبارہ پروسیس کرنے کے دوران، محققین کو یہ ہڈی دوبارہ ملی جس کی شناخت لمبر ورٹیبرا کے طور پر ہوئی ہے۔محققین کا اندازہ ہے کہ یہ ہڈی چھ سے 12 سال عمر کے ہومینیڈ کی ہے، جو اپنی عمر کے لحاظ سے زیادہ لمبا تھا اور اگر وہ بالغ ہو جاتا تو اس کی اونچائی 180 سینٹی میٹر سے زیادہ ہو جاتی۔سائنٹیفک رپورٹس نامی جریدے میں شائع ہونے والی اس تحقیق کے مطابق افریقہ سے انسانوں کی دنیا کے دیگر حصوں کی طرف ہجرت ایک بار کی بجائے مختلف مراحل میں ہوئی تھی۔محققین کے مطابق، ہجرت کے پہلے مرحلہ میں تقریبا18 لاکھ سال پہلے انسان ایشیا کے ملک جارجیا پہنچے، اور دوسرے مرحلے میں تقریبا15 لاکھ سال پہلے افریقہ سے عبیدیہ کے مقام پرانسانوں کی آمد ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں