بڑھتی مہنگائی کو مزید پر لگ گئے، 22اشیا کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

اسلام آباد: ملک میں تین ہفتے مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی کے بعد اب مہنگائی میں اضافے کی رفتار زور پکڑ گئی، ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1.35فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 19.53فیصد تک پہنچ گئی۔وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق 3فروری 2022 کو ختم ہونے والے حالیہ ہفتے کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح میں 1.35فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 19.53فیصد ہوگئی ہے۔ حالیہ ہفتے ملک میں 22 اشیائے ضروریہ مہنگی،6سستی ہوئیں جبکہ 23کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 3فروری2022 کو ختم ہونے والے ہفتے میں بھی مہنگائی کی شرح میں 1.35 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ اس ایک ہفتے کے دوران دودھ،دہی، آٹا، آگ جلانے والی لکڑی، چاول، انرجی سیور، ایل پی جی، سرسوں کا تیل، ٹماٹر، چکن، نمک، گڑ، لہسن، مٹن، بیف، ویجی ٹیبل گھی، دال چنا، دال مسور اور ٹائلٹ سوپ سمیت مجموعی طور پر 22اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور آلو، پیاز، انڈے، چینی، دال ماش اور دال مونگ پر مشتمل 6اشیا سستی ہوئیں جب کہ 23اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔بتایا گیا ہے کہ ہفتہ وار بنیادوں پر گزشتہ ہفتے کے دوران چکن 10.50فیصد،، سرسوں کا تیل 2.38فیصد اور لہسن5.67فیصد، انرجی سیور 1.06، ٹماٹر90.13 فیصد اور ایل پی جی 1.549فیصد مہنگی ہوئی۔ آلو6.06فیصد,پیاز3.59فیصد، دال مونگ0.19فیصد، انڈے 3.53فیصد،چینی 0.83فیصد سستی ہوئی۔رپورٹ کے مطابق 3فروری2022 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ (ایس پی آئی)کے لحاظ سے گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلہ میں ملک میں مہنگائی کی شرح19.53فیصد رہی۔گزشتہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں 21.46فیصد، 17ہزار 733روپے سے 22ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 19.31فیصد، 22 ہزار 889روپے سے 29ہزار 517روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 17.99فیصد، 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 17.63فیصد رہی جبکہ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 19.60 فیصد رہی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں