پیپلزپارٹی نے وزیراعظم کو لانگ مارچ موخر کرنے کی پیشکش کردی
سکھر:پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ نے وزیراعظم عمران خان کو لانگ مارچ موخر کرنے کی مشروط پیشکش کرتے ہوئے کہاہے کہ اگر وہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں اور معاشی صورتحال کو 2018کی پوزیشن پر واپس لے آئیں تو ہم مہنگائی اور ان کی حکومت کے خلاف اعلان کردہ لانگ مارچ ملتوی کردیں گے ،لانگ مارچ کا مقصد عوام کے لئے مسائل پیدا کرنا نہیں بلکہ عمران خان سے جان چھڑانا ہے، ہم عمران خان کی طرح بل جلانے اور ماردھاڑ کی باتیں نہیں کرینگے بلکہ عوام کو مہنگائی کے بارے میں بتائینگے ، سلیکٹڈ وزیراعظم کے خلاف آئین کی آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت کارروائی ہونی چاہئے ، عوام کو پچاس لاکھ گھروں اور ایک کروڑ نوکریوں کا جھانسا دینے پر عمران خان صادق اور امین نہیں رہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو سکھر کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ جب تک ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری ہے ہماری جنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے پیشکش کرتے ہوئے کہاکہ اگر عمران خان اشیائے ضروریہ کی قیمتیں اور معاشی صورتحال کو 2018کی پوزیشن پر واپس لے آئیں تو ہم مہنگائی اور ان کی حکومت کے خلاف اعلان کردہ لانگ مارچ موخرکردیں گے سید خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے تین سال تک حکومت کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی اسے کام کرنے دیا تاکہ بعد میں ہم پر الزام نہ آئے کہ ہم نے حکومت کو کام نہیں کرنے دیا مگر حکومت نے عوام کے ساتھ جو کچھ کیا وہ سب کے سامنے ہے ہم نے تو ملک کے مفاد میں ساتھ مل کر کام کرنے کی پیشکش کی مگر حکومت نے اسے ٹھکرادیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہمارے لانگ مارچ کا مقصد کسی کے لیے مسائل پیدا کرنا نہیں ہے بلکہ ہمارا مقصد عمران خان سے جان چھڑانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کس کے خلاف عوامی رابطہ مہم چلانے اور جلسے جلوس کرنے جارہے ہیں ہمارا تو انہیں مشورہ ہے کہ عوام اشتعال میں ہیں ان کے پاس نہ جائیں۔ عمران خان نے تو اپنے دھرنے میں پارلیمنٹ کو آگ لگانے کی باتیں کیں بجلی کے بل جلائے مگر ہم ایسا نہیں کریں گے ہم مار دھاڑ نہیں کرینگے۔ خورشید شاہ نے سوال کیا کہ عمران خان قوم کو بتائیں کہ آج مہنگائی کیوں ہے، میں تو کہتا ہوں کہ عمران خان کے خلاف آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت کیس داخل ہونا چاہئے کہ انہوں نے عوام سے پچاس لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں دینے کا جھوٹا وعدہ کیا اور عوام کو دھوکہ دیا، وہ صادق اور امین نہیں رہے۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بنک کو گروی رکھنے کے خطرناک نتائج برآمد ہونگے۔


