اپوزیشن کاایک نکتہ پراکھٹا ہوناجمہوریت کی فتح ہے،یوسف رضاگیلانی

اسلام آباد:پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما یوسف رضاگیلانی نے کہا ہے کہ حکومت کےخلاف تمام اپوزیشن ایک پوائنٹ پر اکٹھی ہوچکی ہے اور یہ جمہوریت کی فتح ہے۔

لاہور میں صحافیوں سے بات کرتےہوئے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا عوامی مارچ عوام کی وجہ سے ہے کیوں کہ مہنگائی سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے،ملک میں آئے دن بجلی اورپیٹرول کی قیمت بڑھا دی جاتی ہے جبکہ گیس تک نہیں ملتی ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ نوجوانوں کو ایک کروڑ نوکریاں ملیں گی اور شہریوں کو 50 لاکھ گھر دئیے جائیں گے، تاہم نوکریاں چھین لی گئیں اور لوگ بے گھر ہوگئے۔

انھوں نے مزید کہا کہ جب اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم تشکیل دیا گیا تو تین سے چار نکات ہمارے تھے، آج بھی اپوزیشن پارلیمنٹ کے اندراور باہر منظم ہے اور عوامی حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے۔انھوں نے بتایا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے مشورے پر تہیہ کیا کہ پارلیمنٹ سے استعفی نے دیں گے اور ضمنی الیکشن بھی لڑیں گے،پھر سب نے دیکھا کہ جتنے بھی الیکشن کروائےگئے،پیپلزپارٹی کامیاب ہوئی۔

پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ حکومت کا پیکا آرڈیننس ایک خوف ہے اور حکومت اس خوف کی وجہ سے میڈیا کو دبانا چاہتی ہے تا کہ ان کےبارے میں کسی قسم کی بات نہ کی جائے، اپوزیشن پیکا آرڈیننس کو مسترد کرتی ہے کیوں کہ یہ عوام سے ڈرتے ہیں اور پارلیمنٹ پر یقین نہیں کرتے۔

یوسف رضا گیلانی نے یہ بھی بتایا کہ پیپلزپارٹی کا عوامی مارچ 27 تاریخ کو کراچی سے شروع کریں گے اور بدین سے ہوتے ہوئے حیدرآباد اور سکھر پہنچیں گے۔2 تارِیخ کو رحیم یارخان،تین مارچ کو بہاولپور اور پھر ملتان میں فقید المثال استقبال ہوگا۔

یوسف رضا گیلانی سے سوال کیا گیا کہ کیا عدم اعتماد کے معاملے پر اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بھی اتفاق رائے قائم ہوچکا ہے۔ اس پر انھوں نے جواب دیا کہ اسٹیبلشمنٹ کو نیوٹرل ہی ہونا چاہیے،سینیٹ میں جب اپوزیشن لیڈر کا الیکشن ہوا تو اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل نظر آئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں