کوئٹہ ، میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور ایڈ منسٹریٹر کے مابین مذاکرات ناکام ،احتجاج میں شدت لانے کا اعلان
کوئٹہ : تنظیمی اتحاد میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور ایڈ منسٹریٹر کے مابین تنخواہوں کی ادائیگی کے حوالے سے منعقدہ میٹنگ ناکامی سے دو چار ہوگئی جس کے بعد تنظیمی اتحاد نے اپنے احتجاج میں مزید شدت لانے کا اعلان کیا اس موقع پر گزشتہ روز احتجاجی جلسے سے اورنگزیب بابو، تنویر اسلم، منظور لالا، بشیر احمد، علی نواز رئیسانی سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طفل تسلیوں سے مزدور کا گھر نہیں چل سکتا ہمیں اپنا جائز حق چاہئے خیرات نہیں۔ دنیا کے جس کسی بھی ملک میں دیکھا جائے تو بلدیاتی اداروں کو دیگر محکموں کی نسبت سب سے ز یادہ اولیت دی جاتی ہے کیونکہ یہ نچلی سطح پر عوام کے مسائل حل کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں لیکن ہمارے ہاں صورتحال اس کے برعکس ہے۔ شہر کو صاف ستھرا رکھنے سمیت سیوریج کا نظام بحال رکھنے میں شب و روز مصروف رہنے والے مزدور گزشتہ 20 دنوں سے اپنی تنخواہوں کے لئے نہ صرف آواز بلند کررہے ہیں بلکہ عملی بنیادوں پر جدوجہد کررہے ہیں لیکن بے حس حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ انہوں نے کہاکہ 2 مہینوں سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی سراسر ظلم اور نا انصافی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے مزدور کی مزدوری اس کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے ادا کرنے کی تلقین کی ہے لیکن حکمران لیت و لعل سے کام لےکر مزدوروں کو زندہ درگور کرنا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ آج ہونے والا احتجاج مزید سخت ہوگا۔ جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔


