وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر زیارت میں درخت کٹائی پر کارروائی کا حکم
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ہمارے قیمتی اثاثے زیارت کے جونیپر جنگلات کی کٹائی کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے، صوبے میں غیر قانونی جنگلات کی کٹائی کو ہر صورت میں روکا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پلانٹ فار پاکستان ڈے موسم بہار مہم 2022کے افتتاح کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں پودا لگا کر پلانٹ فار پاکستان ڈے موسم بہار مہم 2022کا افتتاح کردیا اس موقع پر صوبائی وزیر مبین خان خلجی پارلیمانی سیکرٹری خلیل جارج اور سیکرٹری جنگلات سمیت بوائے سکاوٹ سکاوٹس ودیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی اور بتایا گیاکہ مہم کے تحت ایک کروڑ درخت لگائے جائیں گے، موسم بہار میں بلوچستان میں 5 لاکھ درخت لگائے جائیں گے۔ 54ہزار پودے بوائے سکاوٹ کے اسکاوٹس لگائیں گے، ساحلی علاقوں میں مینگروز کے پودے لگائے جائیں گے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ صوبہ میں غیرقانونی جنگلات کی کٹائی کا ہر صورت ختم کیا جائے، اس مہم کے تحت لگنے والے پودوں کی بہتر رکھوالی کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ زیارت کے جونیپر جنگلات ہمارا قیمتی اثاثہ ہے،زیارت کے جنگلات کی حفاظت اور جنگلات کی کٹائی کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعلی نے اس موقع پر بوائے اسکاٹس کے ہمراہ کیک بھی کاٹا۔وزیراعلی کووسیکرٹری جنگلات نے محکمہ کی جانب سے شیلڈ بھی پیش کیا۔


