نوازشریف نے خرید و فروخت کی ذمہ داری آصف زرداری کو دی ہے،شیخ رشید

لاہور: وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد میں کوئی جان نہیں خریدو فروخت کا بازار گرم ہے،نوازشریف نے خرید و فروخت کی ذمہ داری آصف زرداری کو دی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سارے مفاد پرست اکٹھے ہو رہے ہیں، اور تحریک عدم اعتماد کے نام پر خرید وفروخت جاری ہے، نوازشریف نے خرید وفروخت کی ذمہ داری آصف زرداری کو دی ہے، اپوزیشن کو عمران خان کا علم نہیں، عمران خان ترپ کا پتا کھیلیں گے کہ یہ سب نیست و نابود ہوجائیں گے، بکنے اور بکنے والے کسی کو شکل دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے، عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد عمران خان اور زیادہ چیلنج ثابت ہوگا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اس حکومت کا ایک سال رہ گیا ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن کی تیاری کرنی چاہیے، لیکن جو کہتے تھے ووٹ کو عزت دو، ووٹ کو گڑھے میں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، اپوزیشن نے نام لے کر اداروں کو گالیاں دیں، تحریک عدم اعتماد میں کوئی جان نہیں صرف خریدو فروخت کا بازار گرم ہے، سیاست میں خرید وفروخت کا بازار شروع ہوا تو جھاڑو پھر جائے گا، آپ ہر اس گھر میں خیرات مانگنے جارہے ہیں جو آپ کے دل میں کھٹکتا ہے، امید ہے اتحادی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں گے، عمران خان کو بھی سیاسی مشورہ ہے کہ جہانگیر ترین سے بات کریں۔وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ وزیراعظم کا دورہ روس انتہائی کامیاب رہا، بھارت کو وزیراعظم کا دوہ روس ایک آنکھ نہیں بھاتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں