گیس کمپنی کی جانب سے بلوں میں پریشر اور ٹمپریچر کے نام پر اضافی یونٹس عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی ہے،رحیم آغا

کوئٹہ: انجمن تاجران بلوچستان (رجسٹرڈ) کے صدر رحیم آغا، حاجی نصرالدین کاکڑ، عمران ترین، میر محمد رحیم بنگلزئی، حاجی یعقوب شاہ کاکڑ، سید حیدر آغا، سید خلیل آغا، خان کاکڑ، حاجی محمد عیسٰی ترین، عابد خان اچکزئی، محمد نعیم لہڑی، چیئرمین حاجی صادق ترین، نذیر خان اچکزئی، عمر خان ترین، عطاء محمد آغا،اسد خان، صدیق اللہ آغا، مصری خان کاسی، عبدالباقی اچکزئی و دیگر عہدیداروں نے گیس کمپنی کی جانب سے ایک بار پھر ہوٹل و ریسٹورنٹ کے گیس بلوں میں پریشر اور ٹمپریچر کے نام پر اضافی یونٹس بھیجنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے دو ہزار دس میں گیس کمپنی سے یہ کیس جیتی ہے اور وفاقی محتسب کی جانب سے گیس کمپنی کو پریشر اور ٹمپریچر کے نام پر اضافی یونٹس نہ لینے کا حکم دیا گیا ہے جس پر کمپنی نے فوری عمل کرتے ہوئے دس، گیارہ سال خاموش رہی اور صحیح بلز بھجوائے جاتے تھے لیکن اب ایک بار پھر گیس کمپنی کی جانب سے ہوٹل و ریسٹورنٹ کے گیس بلوں میں پریشر اور ٹمپریچر کے نام پر اضافی یونٹس بھیجے جارہے ہیں جو کہ عدالتی فیصلے کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے جسے ہم کسی صورت بھی تسلیم نہیں کریں گے، انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں گزشتہ چھ سالوں سے گیس پریشر کا مسئلہ چلا آرہا ہے اور کوئٹہ سمیت پشین زیارت اور سرد علاقوں کے لوگ ایک اذیت کی زندگی گزار رہے ہیں لیکن دوسری جانب گیس کمپنی کے نام نہاد آفیسران ہمیں لوٹنے پر تلے ہوئے ہیں کبھی یہ ایکسٹرا کبھی فردر اور کبھی آدر کے نام پر ہزاروں روپے بلوں میں بھیجتے تھے جس کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ میں نذیر آغا ایڈووکیٹ نے کیس فائل کیا اور معزز عدالت عالیہ نے گیس کمپنی کو ان مختلف ناموں پر ٹیکسز لینے سے منع کردیا جس پرہم انجمن تاجران بلوچستان نذیر آغا ایڈووکیٹ کا شکریہ بھی ادا کرتے ہیں اور اسی کیس میں انکے ساتھ فریق بنے کا اعلان بھی کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ گیس کمپنی والوں نے اپنی حکومت بنائی ہے جو جی میں آیا کر جاتے ہیں لیکن انجمن تاجران بلوچستان اور آل بلوچستان ریسٹورنٹ اینڈ ہوٹل ایسوسی ایشن گیس کمپنی کو کسی صورت بھی ہوٹل و ریسٹورنٹ والوں سمیت عوام کو لوٹنے کی اجازت نہیں دیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں