کراچی: سابق اہلیہ، منگیتر، دوست کو ہراساں کرنیوالے 3 ملزم پیکا کے تحت گرفتار
کراچی:کراچی میں خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، 3 نئے کیس سامنے آ گئے، سابق اہلیہ، سابق منگیتر اور سابق دوست کو ہراساں کرنے والے 3 ملزمان کو پیکا کے تحت گرفتار کر لیا گیا۔وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی جانب سے خواتین کو سوشل میڈیا پر ہراساں اور بلیک میل کرنے والوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ایف آئی اے کے ہیڈ آف سائبر کرائم عمران ریاض کے مطابق ملزم فیضان شاہ کی سابق اہلیہ نے مار پیٹ، تشدد اور میکے سے رقم منگوانے پر خلع لے لی تھی۔انہوں نے بتایا کہ ملزم نے انتقامی کارروائی پر کینسر کی مریضہ سابق اہلیہ سے متعلق مواد خاتون کے بھائی کو بھیجا، ملزم نے مواد سوشل میڈیا پر ڈالنے کا کہہ کر سابق اہلیہ کے بھائی کو بلیک میل کیا، شکایت پر ایف آئی اے نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔عمران ریاض نے بتایا کہ کراچی سے ایک اور ملزم عاقب علی کو بھی خاتون کو بلیک میل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ عاقب علی کمشنر آفس میں کلرک ہے، جو دفتر آنے والی خاتون کو نمبر لے کر ہراساں کر رہا تھا، متاثرہ خاتون ماں کے ساتھ کسی کام کے سلسلے میں کمشنر آفس گئی آئی تھی۔ہیڈ آف سائبر کرائم کے مطابق ملزم عاقب علی خاتون کو مسلسل سوشل میڈیا کے ذریعے بلیک میل کر رہا تھا، وہ خاتون کو بلیک میل کر کے 5 لاکھ روپے اور زیورات پہلے ہی ہتھیا چکا تھا، ملزم خاتون کو تعلقات قائم رکھنے کے لیے بلیک میل کرتا تھا۔انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی سے ایک اور ملزم محمد طلحہ کو بھی سابق منگیتر کو ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ایف آئی اے کے ہیڈ آف سائبر کرائم عمران ریاض کے مطابق بلیک میلنگ کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال پر ملزمان کے خلاف پیکا کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔


