آسٹریلیا، پاکستانی طالب علم پر مسلح افراد کا چاقوں سے حملہ

میلبورن:آسٹریلیا میں نامعلوم افراد نے پاکستانی طالب علم پر چاقوں سے حملہ کردیا ، زخمی حالت میں سڑک کنارے چھوڑ کر گاڑی چھین کر فرار ہوگئے ۔ اماراتی اخبار خلیج ٹائمز کے مطابق آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں پارٹ ٹائم رائیڈ شیئر ڈرائیور کے طور پر کام کرنے والے حسن احمد پر دو نامعلوم مسافروں نے چاقوں کے متعدد وار کیے ، میلبورن میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل نے طالب علم کی شناخت حسن احمد کے نام سے کی ہے۔واقعے کے بارے میں آسٹریلیا کے ایک مقامی اخبار دی ایج کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا خیال ہے کہ مسافروں نے مبینہ حملے کے بعد سڑک پر چھوڑنے سے پہلے پاکستانی طالب علم کی کار لے کر فرار ہوگئے جب کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والا طالب علم میلبورن کے اندرونی شمال میں جانسٹن سٹریٹ پر واقع ایک سروس سٹیشن میں جانے میں کامیاب ہو گیا اور تقریبا صبح 3 بج 40 منٹ پر ایمرجنسی سروسز کو کال کی جہاں سے طالب علم کو شدید زخمی حالت میں رائل میلبورن ہسپتال لے جایا گیا ۔قونصلیٹ جنرل آف پاکستان نے کہا ہے کہ علاج کے بعد اب ان کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے ، ہم ایک پاکستانی شہری حسن احمد کو چاقو مارنے کے افسوسناک واقعے کی پیروی کر رہے ہیں ، ہمارے قونصل نے آج رائل میلبورن ہسپتال کا دورہ کیا جہاں حسن داخل ہیں ، ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو مستحکم قرار دیا ہے ، ہم حسن اور ان کے دوستوں اور خاندان کے ساتھ رابطے میں رہیں گے اور ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ آسٹریلیا میں ماضی میں جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والے لوگوں، خاص طور پر طلبا کے خلاف نفرت انگیز جرائم کا مشاہدہ کیا جا چکا ہے ، 2009-10 میں میلبورن میں ہی ہندوستانی طلبا پر نسلی پرستی کے حملوں کی ایک سیریز نے آسٹریلوی حکومت کو معافی مانگنے پر مجبور کر دیا تھا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں