حکومت کا رمضان پیکج کے طریقہ کار کو تبدیل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے رمضان پیکج کے طریقہ کار کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے 19 اشیا پر 8 ارب 28 کروڑ کی سبسڈی کا میکنزم تبدیل کرنے کی سفارش کی گئی، جس کے تحت آٹا، چینی، گھی، دالوں، چاول، دودھ اور مشروبات پر سبسڈی کا طریقہ کار تبدیل کیا جائے گا۔اس ھوالے سے وزارت صنعت و پیداوار سے معلوم ہوا ہے کہ احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت رجسٹرڈ افرا د کو سستے دام پر اشیا فراہم کرنے کی منظوری دی گئی اور احساس رعایت راشن پروگرام کے تحت 2 کروڑ افراد رجسٹرڈ ہوئے تاہم اب تک صرف 25 لاکھ کی تصدیق ہوسکی ہے۔ وزارت صنعت وپیداوار کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی سے ملک بھر کے تمام افراد کو یکم اپریل سے آخری رمضان تک ارزاں نرخوں پر اشیا کی فراہمی کی منظوری طلب کی گئی، موجودہ صورتحال میں اگر فیصلہ تبدیل نہ کیا تو کروڑوں مستحق افراد رمضان میں سستے داموں اشیا حاصل کرنے میں ناکام رہیں گے۔دوسری طرف پنجاب حکومت نے رمضان بازاروں کے آغاز کی تاریخ کا اعلان کر دیا، صوبے بھر میں 317رمضان بازار 25شعبان سے 27رمضان تک لگیں گے، 10کلو آٹے کا تھیلہ 375روپے میں اور آلو، پیاز، ٹماٹر سمیت 13 اشیا عام مارکیٹ سے 25فیصد کم نرخوں پر ملیں گی، اس حوالے سے صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت وزارتی کمیٹی کا سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبہ کی تاریخ کے بڑے 8 ارب روپے کے رمضان پیکیج کی منظور دی گئی، رمضان پیکیج حتمی منظوری کے لئے پنجاب کابینہ کو بھجوا یا جائے گا۔بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں سال 2022 کے رمضان بازاروں میں 2021 کی قیمتوں کے مطابق اشیا ضروریہ کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا، رمضان بازاروں میں 10کلو آٹے کا تھیلہ 375روپے میں ملے گا، زرعی فیئرپرائس شاپس پر آلو، پیاز، ٹماٹر سمیت 13آئٹمز عام مارکیٹ سے 25فیصد کم نرخوں پر ملیں گے، رمضان بازاروں میں سبزیا ں، پھل اور دالیں سستے داموں فراہمی پر1 ارب 25کروڑ روپے کی سبسڈی دی جائے گی، صوبے بھر میں 317رمضان بازار 25شعبان سے 27رمضان تک لگیں گے، رمضان بازار وں کے اوقات کار صبح 9بجے سے افطار تک ہوں گے، 21رمضان سے رمضان بازار عید بازاروں میں بدل جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں