حق دو تحریک کی ریلیاں آج گوادر پورٹ پر دھرنا ہڑتال ہوگی،ہدایت الرحمن

گوادر (بیورورپورٹ) حق دو تحریک بلوچستان کا گوادر میں تاریخی موٹر سائیکل پاور شو ریلی۔ آج گوادر پورٹ پر دھرنا ہوگا۔ شٹرڈاو¿ن ہڑتال بھی کی جائے گی۔ سمندر ہماری زیست و مرگ کا مسئلہ ہے۔ غیرقانونی ٹرالرنگ کسی بھی صورت قبول نہیں۔ مخالفین آنکھیں کھول کر دیکھیں۔ ریلی اور ریلا میں فرق ہوتا ہے۔ حق دوتحریک ماہی گیروں کے بنیادی حقوق کی ضامن ہے۔ جب ٹرالر مافیا کراچی پورٹ بندکرکے غیرقانونی ٹرالرنگ کا مطالبہ منوا سکتا ہے۔ ماہی گیر بھی اپنے روزگار کو تباہی سے بچانے کے لئے گوادر پورٹ کو بند کرسکتے ہیں۔ مولانا ہدایت الرحمن اور دیگر کا خطاب۔ حق دوتحریک بلوچستان کی اپیل پر گوادر میں تاریخ ساز احتجاجی موٹرسائیکل ریلی نکالی گئی۔ ریلی کا آغاز سیرت النبی چوک جاوید کمپلکس سے ہوا جو استاد عبدالمجید گوادری روڈ، میرین ڈرائیو اور پورٹ سے ہوتا ہوا جی ٹی گیٹ کے سامنے اختتام پزیر ہوا۔ ریلی میں ضلع گوادر کے علاوہ تربت سے بھی موٹرسائیکل سوار شریک تھے۔ ریلی کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے حق دو تحریک بلوچستان کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمن اور سینئر بزرگ رہنماءحسین واڈیلہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حق دوتحریک نہ تھکی ہے اور نہ ہی مصلحت شکار ہوئی ہے اگر اب بھی کسی کو یہ زعم ہے کہ حق دوتحریک وقتی غبار ثابت ہوئی ہے تو آنکھیں کھول کر اس ریلی کو دیکھے۔ انہوں نے کہاکہ یہاں پر سیاست کے نام پر لوگوں کو بیوقوف بنایا جارہا ہے بلوچستان کی قومی ملکیت ریکودیک کا سودا کیا گیا ہے لیکن نام نہاد سیاسی جماعتیں چند سولر کے عوض سودا بازی کررہے ہیں جس طرح آرمی ایکٹ پر ووٹ دیکر لاپتہ افراد کے مسئلہ پر سودے بازی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ سیاسی بونوں، مکھیوں اور مچھروں سے نہیں بلکہ ہم مافیا کے خلاف جدو جہد کررہے ہیں۔ یہاں پر ماہی گیروں کا نام لیکر سیاسی شعبدہ بازی کئی گئی لیکن جب سے حق دوتحریک نے تحریک کا آغاز کیا تو عوام کی اکثریت نے حق دوتحریک کا کو اپنا نجات دہندہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حق دوتحریک کے پاس نہ مراعات کی پوٹلی ہے اور نہ ہی سولر کی جادو کی چڑی اگر ہے تو وہ خلوص ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہاں کی سیاسی قیادت نے عوامی مفادات کا سودا کیا ہے یہ سوداگر ہیں لیکن حق دوتحریک نے عوام کو سیاسی شعور دیا ہے جس کی وجہ سے گندم نما جو فروشوں کی حقیقت آشکار ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کی غیور عوام بالخصوص نوجوان خراج تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے تاریخی موٹرسائیکل ریلی کو کامیاب بناکر ظلم اور زیادتیوں کے خلاف لڑنے کا پیغام دیا ہے۔ عوام اور نوجوانوں کے اس جوش خروش نے ہمیں ایک مرتبہ نیا جوش و ولولہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کے مالک ہم ہیں اور ہمیں یہ حق حاصل ہے کہ اس کو بند کریں۔ ٹرالرمافیا نے غیرقانونی ٹرالرنگ کہ اجازت کے لئے کراچی پورٹ بند کیا تھا ہم اپنے روزگار کے تحفظ کے لئے گوادر پورٹ بندکررہے ہیں اگر حکومت غیرقانونی ٹرالرنگ کے خاتمہ کے لئے سنجیدہ ہے تو آج رات تک دوسو ٹرالرز پکڑے اور مقدمات درج کرے پھر ہم اپنے احتجاج پر نظر ثانی کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ساحل بلوچستان ہمارا ہے اس کے تحفظ کے لئے ہم نے اپنی تمام کشتیاں جلائی ہیں سمندر ہماری زیست و مرگ کا مسئلہ اگر وہ ہمارا نہیں رہا تو کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور نوجوان آج گیارہ بجے صبح ملا موسی موڈ پر پہنچ جائیں جس کے بعد گوادر پورٹ پر دھرنا ہوگا اور دھرنا اس وقت تک جاری رہے گا جب ساحل بلوچستان غیرقانونی ٹرالرنگ سے پاک نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آج گوادر اور سربندن میں شٹرڈاو¿ن ہڑتال بھی کی جائے گی شٹرڈاو¿ن ہڑتال کی حمایت کرنے پر انجمن تاجران کا شکریہ اداکرتے ہیں۔تربت (نمائندہ انتخاب ) حق دو تحریک کیچ کی جانب سے تربت سے گوادرموٹرسائیکل ریلی نکالی گئی ، ریلی 12بجے ڈی بلوچ سی پیک شاہراہ سے گوادرکے لئے روانہ ہوئی ، گوادرمیں حق دو تحریک سے اظہاریکجہتی کیلئے بدھ کے روز تربت سے موٹرسائیکلوں کا ایک قافلہ ریلی کی شکل میں گوادر روانہ ہوا، ان کے مطالبات میں ساحل سمندر پر غیر قانونی ٹرالنگ کاخاتمہ، لاپتہ افرادکی بازیابی، منشیات کاخاتمہ ، غیر ضروری چیک پوسٹوں کا ہٹانااوربارڈرپر لسٹنگ اور ٹوکن سسٹم ختم کرکے تمام بارڈر پوائنٹس کھولناشامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں