ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر قومی سوچ کو اپنایا جائے، گورنر بلوچستان
کوئٹہ (انتخاب نیوز) گورنر بلوچستان سید ظہور آغا نے کہا ہے کہ 23مارچ کے تاریخی دن یہ عہد کرتے ہیں کہ وطن عزیز کو امن وآشتی کا گہوارہ بنائیں، یہ دن ہم سے تقاضا کرتی ہے کہ ہم سب ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی سوچ اور اپروچ کو اپناتے ہوئے وطن کی حفاظت، بقاء اور سلامتی کے لئے کسی بھی قربانی کے لئے ہمہ وقت تیار رہے اور تمام ادارے ملک و قوم کے لئے کام کرے، صدارتی اور ایکسیلنس ایوارڈز کا مطلب دراصل ان شخصیات کی غیر معمولی خدمات کا اعتراف ہے جو کہ پورے صوبے کے لئے اعزاز سے کم نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم پاکستان کے موقع پر گورنر ہاؤس کوئٹہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، صوبائی وزراء، اراکین صوبائی اسمبلی و دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر سابق سینیٹر روشن خورشید بروچہ کو سماجی خدمات، سجاد احمد کو شعبہ فنون ٹیلی ویژن میں بہترین خدمات پر ستارہ امتیاز جبکہ ڈاکٹر فضل خالق کو شعبہ ادب میں حسن کارکردگی ایوارڈ، شعبہ کھیل میں بہتری خدمات انجام دینے پر نرگس ہزارہ کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی، عظمت حسن بلوچ کو خدمات عامہ کے شعبے میں بہترین خدمات انجام دینے پر صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا اس کے علاوہ بلوچستان حکومت کی جانب سے مختلف شعبوں میں غیر معمولی خدمات انجام دینے والوں میں ایکسلنس ایوارڈز تقسیم کئے گئے، ایوارڈ پانے والوں میں تعلیم کے شعبے میں خدمات انجام دینے والے عبدالرزاق، ادب کے شعبے سے نثار احمد اور صابر علی، تعلیم کے شعبے میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹر برکت شاہ کاکڑ، ڈاکٹر شفیق العالم، پروفیسر صاحبزادہ حمید اللہ خان (مرحوم)، ایثار حسین زوق، حسین بخش ساجد، محمد اکبر نسیم محمد شہی، عطاء الرحمن خلجی، ڈاکٹر ساجدہ نورین، پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود خٹک شامل تھے۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان سید ظہور آغا نے کہا کہ آج کے تقریب میں شرکت ان کے لئے باعث افتخار ہے کیونکہ آج کا دن برصغیر پاک و ہند کے تاریخ کا ایک ناقابل فراموش دن ہے 1940میں آج کے تاریخی دن کو ہمارے سیاسی قیادت نے ہمارے اجتماعی منزل کا تعین کیا اور طویل جدوجہد و لازوال قربانیوں کے بعد قیام پاکستان کی صورت میں ہم نے وہ متعین کردہ منزل حاصل کیا دوسری جانب آج پاکستان کے لئے گراں قدر خدمات انجام دینے والی شخصیات کو اعزازات سے نوازا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صدارتی اور ایکسلنس ایوارڈز ان شخصیت کی ملک و قوم کے لئے انجام دینے والی بے لوث خدمات کا اعتراف ہے جو کہ صرف ان شخصیات اور ان کے خاندان کے لئے ہی نہیں بلکہ پورے صوبے کے لئے ایک اعزاز سے ہے جس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ آج بھی اس صوبے کے لوگ ملک و صوبے کی تعمیر و ترقی کے لئے کاوشیں کررہے ہیں اور خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہے۔ انہوں نے گورنر ہاؤس بلوچستان اور صوبائی حکومت کی جانب سے صدارتی اور ایکسیلنس ایوارڈز پانے والوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہاکہ آج کا دن ہم سے یہ تقاضا کرتا ہے کہ ہم ذاتی مفادات کو بالائے طارق رکھ کر قومی سوچ اور اپروچ کو اپنائے، وطن کی حفاظت، بقاء اور سلامتی کے لئے ہر قسم کی قربانی کے لئے ہمہ وقت تیار ہے اور تمام ادارے ملک کر ملک و قوم کے لئے کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اس اہم دن کے موقع پر ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم کسی قیمت پر ووطن عزیز پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے اور وطن عزیز کو امن وآشتی کا گہوارہ بنائیں گے۔


