محکمہ سماجی بہبود گوادر کے زیر اہتمام ایک روزہ چائلڈ پروٹیکشن ورکشاپ

گوادر (انتخاب نیوز) محکمہ سماجی بہبود گوادر کے زیر اہتمام ایک روزہ چائلڈ پروٹیکشن ورکشاپ منعقد ہوا جس میں مختلف سماجی تنظیموں سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ورکشاپ میں ڈائریکٹر جنرل سماجی بہبود و اسپیشل ایجوکیشن حسن اللہ مردان زئی، ڈپٹی ڈائریکٹر چائلڈ پروٹیکشن ناصر علی بلوچ، صوبائی کوآرڈینیٹر عبدالستار، ڈپٹی ڈائریکٹر سماجی بہبود گوادر عیسیٰ بلوچ اور چائلڈ پروٹیکشن آفیسر نیاز احمد بلوچ نے شرکا کو چائلڈ پروٹیکشن کے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان نے 2016ءکو بچوں کے تحفظ کا ایک قانونی بل پاس کیا۔ اس قانون کے تحت حکومت بلوچستان کا سماجی بہبود کا ادارہ دوسرے اداروں کے ساتھ مل کر لوگوں کو بچوں کے تحفظ اور انکی سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس ورکشاپ کا مقصد بچوں کو پروٹیکشن فراہم کرنا ہے جبکہ بچوں کو تشدد سے بچانا ہم سب کی اخلاقی معاشرتی اور مذہبی ذمہ داری ہے، بچوں اور لڑکیوں کو ہر طرح کی تشدد سے بچانا خاندان کمیونٹی ارباب اختیار کی ذمہ داری ہے۔ اس تشدد میں جسمانی ،نفسیات، جنسی تشدد اور مضر معاشرتی رویوں جیسے لڑکیوں کی کم عمری میں شادی شدہ صنفی تشدد اور بچوں سے مزدوری کرانا شامل ہے۔ بچوں کو تشدد سے بچانا ضروری ہے کیونکہ بچوں پر تشدد ان کی صحت، بقا اور تندرستی میں ایک بہت بڑی رکاوٹ ہے یہ انکی زندگی کو خطرے میں ڈال دیتا ہے تشدد کا شکار بچوں کے تعلیمی میدان میں ناکام ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں اور مختلف طبعی اور نفسیاتی مسائل کا شکار ہو جاتے ہیں اور معاشرے کا کارآمد افراد نہیں بن پاتے ہیں۔ اس سلسلے میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ ہمارے معاشرے میں چائلڈ پروٹیکشن فروغ پاسکے۔ ورکشاپ کے آخر میں شرکاءکو تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں