پرویز الٰہی پی ٹی آئی آپ کو وزیر اعلیٰ نہیں بنا سکتی، رانا ثنا اللہ
اسلام آباد (انتخاب نیوز) حکومت کی جانب سے مسلم لیگ ق کو پنجاب کی وزارت اعلی دیے جانے کے باوجود مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے اب بھی دعوی کیا ہے کہ حکومتی اتحادی ق لیگ کے 3 ووٹ اپوزیشن ملیں گے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چوہدری برادران سے بہترماحول میں ملاقات ہوئی تھی، چوہدری برادران نے کہا تھا جتنا جلدی ممکن ہو تحریک عدم اعتماد جمع کرائیں، جس کے بعد پنجاب میں وزیر اعلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پرویز الہی کے کہنے پر جمع کروائی۔رانا ثنااللہ نے مزید کہا کہ پرویز الہی صاحب پی ٹی آئی آپ کو وزیراعلی نہیں بناسکتی، عمران خان کے پاس پرویزالہی کو وزیراعلی پنجاب بنانے کا حق نہیں ہے، تحریک انصاف خود کو بچا نہیں سکتی، ان کے پاس واحد راستہ ہے کہ باعزت استعفی دے دیں کیوں کہ ہمارے پاس منحرف اراکین کے علاوہ بھی 172 اراکین کی حمایت موجود ہے، آج حکومت کے 6 دن باقی رہ گئے ہیں، طارق بشیر چیمہ سمیت ق لیگ کے تین ووٹ اپوزیشن کو ملیں گے۔


