صحبت پور کے نواحی گاؤں میں آتشزدگی، 20 گھر جل گئے، سامان اور مویشی خاکستر
حمید آباد (انتخاب نیوز) صحبت پور کے نواحی گاؤں محمد یوسف کھوسہ میں بجلی کی شارٹ سرکٹ کے باعث آگ نے 20گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا گھروں میں موجود سارا سامان اور جانور جل گئے فائر بریگیڈ کا عملہ جائے وقوعہ پر دیر سے پہنچا۔تفصیلات کے مطابق صحبت پور کی تحصیل فریدآباد کے نواحی گاں محمد یوسف کھوسہ میں بجلی کی 11ہزار کے وی کی تاروں سے شارٹ سرکٹ کے باعث ایک گھر کو آگ لگ گئی تیز ہواں کے باعث دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے 20گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جلنے والے گھروں میں کھوسہ قبائل اور بھنگر قبائل کے لوگوں کے گھر شامل ہیں گھروں میں موجود قیمتی سامان اور گھر میں بندھے جانور بھی جل گئے گاؤں والوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن آگ اتنی شدید تھی کہ مزید گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اطلاع ملنے پر ڈیرہ اللہ یار اور صحبت پور سے فائر بریگیڈ کا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا لیکن صحبت پور سے آنے والی گاڑی میں پانی نہیں تھا دو گھنٹوں کی سخت کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا آگ سے متاثرہ خاندان کے افراد کھلے آسمان تلے ضلعی انتظامیہ کے امداد کے منتظر بیٹھے ہوئے ہیں لیکن تاحال کوئی بھی سرکاری افسر اور عملہ متاثرین کے پاس نہیں پہنچ سکا تھا۔


