وزیراعظم نے ایک بار پھر بھارتی خارجہ پالیسی کی تعریف کردی
اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر بھارتی خارجہ پالیسی کی تعریف کردی اور کہا کہ وہ آزاد خارجہ پالیسی پر بھارت کو داد دیتے ہیں۔ اسلام آباد میں دو روزہ سیکورٹی ڈائیلاگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ بھارت، روس یوکرین تنازع میں نہ صرف نیوٹرل ہے بلکہ امریکا کا اتحادی ہونے کے باوجود روس سے تیل خرید رہاہے۔ روس کا دورہ کرنے پرطاقتور ملک ناراض ہوگیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ برطانوی وزیر خارجہ کہتی ہیں کہ بھارت آزاد ملک ہے اسے کچھ کہہ نہیں سکتے، بھارت آزاد ہے تو ہم کیا ہیں؟ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کبھی اس ملک کی عزت نہیں کرتی جو اپنے پیر پر کھڑا نہیں ہوتا، روس یوکرین تنازع میں ہم غیر جانب دار رہے، پاکستان کو جو عزت ملی وہ پہلے کبھی نہیں ملی۔ وزیراعظم عمران خان نے سینئر صحافیوں سے ملاقات میں کہا ہے کہ اتوار کو بڑا سرپرائز دوں گا۔ وزیراعظم نے سینئر صحافیوں سے ملاقات کی اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھاکہ عثمان بزدار کو ہٹانا سیاسی سمجھوتہ تھا، اتوار کو بڑا سرپرائز دوں گا۔ ان کا کہنا تھاکہ آخری گیند تک لڑوں گا، کپتان کبھی بھی اپنا اسٹریٹجی شیئر نہیں کرتا، یہ ایک بہت بڑی بین الاقوامی سازش ہے۔


